اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ماہِ صیام میں اشیائے خوردونوش کی ارزاں قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے زوم کے ذریعے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن طلعت محمود، ممبر انجینئرنگ نفاست رضا، ممبر پلاننگ اور ضلعی انتظامیہ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ہفتہ کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس کے دوران چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد کو رمضان سستے بازاروں اور ریلیف پیکج کے تحت قائم کیے گئے سٹالز پر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ماہِ صیام کے دوران گھی، چینی، آٹا، چاول اور دیگر ضروری اشیاء کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ سستے بازاروں میں گھی اور مرغی کم قیمت پر فروخت کی جا رہی ہے۔ اسی طرح انڈوں کی سرکاری قیمت میں 15 روپے فی درجن کی کمی کی گئی ہے۔ماہِ صیام کے دوران اوور چارجنگ اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ اب تک 117 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ متعدد افراد پر جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔
محمد علی رندھاوا نے اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقوں میں اشیائے خوردونوش کی فراہمی اور سرکاری قیمتوں پر فروخت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو سستے بازاروں اور منڈیوں میں موجود رہنے اور شکایات کے فوری ازالے کی تاکید کی۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد نے واضح کیا کہ سستے بازاروں میں اشیائے خوردونوش کے معیار اور ارزاں قیمتوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ رمضان کے سستے بازاروں میں اشیاء کی وافر مقدار اور سرکاری قیمتوں پر فروخت کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے ہدایت کی کہ سستے بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کی فہرست نمایاں جگہوں پر آویزاں کی جائے تاکہ عوام کو شفافیت کے ساتھ معلومات فراہم کی جا سکیں۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد نے زور دیا کہ اوور چارجنگ اور منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی تاکہ عوام کو ماہِ صیام میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔