ڈویژن بھر میں "اپنی چھت اپنا گھر "پروگرام کی رجسٹریشن کے لیے کیمپ قائم کیے جا رہے ہیں،کمشنرملتان

247

ملتان ۔ 22 اگست (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا "اپنی چھت اپنا گھر "قرضہ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔ڈپٹی کمشنر کمپلیکس اور تحصیلوں میں مرکزی معلوماتی ورجسٹریشن کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں۔کمشنرملتان ڈویژن مریم خان نے ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو کے ہمراہ معلوماتی کیمپ کا دورہ کیا۔کمشنر ملتان نے درخواست گزاروں سے ملاقات کی اور عملے سے بریفنگ لی۔

کمشنر ملتان نے فوری کیمپ کے قیام پر ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن بھر میں اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی رجسٹریشن کے لیے کیمپ قائم کئے جا رہے ہیں۔درخواست گزاروں کی کثیر تعداد کے پیش نظر کیمپس کو وسیع کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلٰی پنجاب نے بے گھر افراد کے لئے انقلابی قرض منصوبے کا آغاز کیا ہے۔آسان اقساط پر قرض فراہمی سے بے گھر افراد مستفید ہو سکیں گے۔