پشاور۔ 12 دسمبر (اے پی پی):ڈی ایس پی صدر سرکل پشاورشفیع اللہ کی زیر صدارت تھانہ انقلاب میں پی ایل سی میٹنگ کا انعقاد کیاگیا ۔میٹنگ میں ایس ایچ او تھانہ انقلاب وارث خان، پی ایل سی ممبران، علاقہ معززین، علما کرام اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔
میٹنگ کے دوران امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لینے، کرایہ داروں کی چھان بین سمیت منشیات اور دیگر جرائم کے تدارک اور مختلف معاشرتی برائیوں کے خاتمے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔
شرکا نے دشمنیوں کے خاتمے، ہوائی فائرنگ، غیر قانونی کرایہ داروں کی بروقت مقامی پولیس کو اطلاع اور منشیات کے خلاف کام کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کے ساتھ شانہ بشانہ کام کرنے کا عزم دہرایا،اسی طرح مختلف معاشرتی مسائل کے حل کے لئے بھی سنجیدہ کوششیں شروع کرنے کی مہم کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔