کامسٹیک کے زیر اہتمام بنگلہ دیش کے وائس چانسلرز کے اعزاز میں خصوصی فورم کا انعقاد

9

اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):پاکستان میں اسلامی تعاون تنظیم کے ذیلی ادارے کامسٹیک کے زیر اہتمام بنگلہ دیشی وائس چانسلرز کے لئے ایک خصوصی فورم کا انعقاد کیا گیا جو اسلام آباد میں کامسٹیک سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ فورم میں بنگلہ دیش کی سات رکنی اعلیٰ تعلیمی وفد نے شرکت کی جس میں نامور جامعات کے وائس چانسلرز شامل تھے جبکہ پاکستان کی 15ممتاز جامعات کے سربراہان نے بھی فورم میں شرکت کی جو کہ کامسٹیک کنسورشیم آف ایکسیلنس کا حصہ ہیں۔ کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے اپنے خطاب میں اس دورے کو دونوں برادر اسلامی ممالک پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سائنسی و تعلیمی تعاون کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیشی طلباءکے لئے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے پہلے ہی 100 سکالرشپس کا اعلان کیا جاچکا ہے

جبکہ دورے سے مزید امکان بڑھیں گے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان نے اپنے خطاب میں کامسٹیک کی کاوشوں کو سراتے ہوئے سکالرشپس کی فراہمی، وفد کے دورے کے انتظامات اور تعلیمی اداروں کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے کے اقدامات پر شکریہ ادا کیا۔ فورم کے دوران دونوں ممالک کے وائس چانسلرز نے تفصیلی مشاورت کی اور فیصلہ کیا کہ طلباءاور اساتذہ کے تبادلے، مشترکہ تحقیقی منصوبوں، دستیاب وسائل کے اشتراک اور جامعاتی روابط کو فروغ دیا جائے گا۔ یہ بھی طے پایا کہ ہر جامعہ کی طرف سے ایک فوکل پرسن نامزد کیا جائے گا تاکہ تعاون کے اقدامات پر موثر عملدرآمد ممکن ہو۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر شعیب اے خان چانسلر سرسید انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی نے پاکستان میں مصنوعی ذہانت کی موجودہ صورتحال پر ایک جامع گفتگو کی۔

پرائیویٹ ایجوکیشن انسٹی ٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی کی چیئرپرسن، ڈاکٹر سیدہ ضیاءبتول نے جامعات کی عالمی درجہ بندی بہتر بنانے کے لئے حکمتِ عملی پر روشنی ڈالی۔ بنگلہ دیشی تعلیمی وفد جو 16 سے 21 جون 2025 تک پاکستان کے دورے پر ہے، نے لاہور، اسلام آباد اور مری میں مختلف جامعات کے سینئر حکام کے ساتھ ملاقاتیں بھی کیں۔ وفد نے پاکستانی میزبانی اور پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس دورے کو تاریخی، نتیجہ خیز اور طویل المدتی تعلیمی اشتراک کی بنیاد قرار دیا۔