کاٹن کی اگیتی فصل کوسفید مکھی،سبز تیلا اور تھرپس سے بچانے کیلئے کاشتکار وں کوہفتہ میں دو بار فصل کے معائنہ کا مشورہ

31
Cotton cultivation
Cotton cultivation

فیصل آباد۔ 01 جولائی (اے پی پی):کاٹن کی اگیتی فصل کوسفید مکھی،سبز تیلا اور تھرپس سے بچانے کیلئے کاشتکار وں کوہفتہ میں دو بار فصل کے معائنہ کا مشورہ دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ چونکہ کپاس کی فصل اس وقت نازک مرحلہ میں داخل ہو چکی ہے اور فصل پر پھول گڈی اور ٹینڈے بننے کا عمل جاری ہے اسلئے کاشتکار بھائی ہفتہ میں فصل کا دو بار معائنہ کریں اور کیڑوں کے معاشی نقصان کی حد پر پہنچنے پر محکمہ زراعت کے فیلڈ عملہ کی مشاورت سے سپرے کا عمل جاری رکھیں جبکہ سپرے ترجیحاََ شام کے وقت کریں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع فیصل آبادعدیل احمد نے کہا کہ کاشتکار کپاس کی فصل کو نقصان پہنچانے والے ضرر رساں کیڑوں کے مکمل کنٹرول کیلئے مربوط طریقہ انسداد کو اپنائیں جس کیلئے کاشتکاربھائی نباتاتی سپرے بھی استعمال کر سکتے ہیں جس کیلئے کوڑ تُما600گرام،نیم کے پتے 600گرام،اَک کے پتے 600 گرام،تمباکو 600گرام،ہنگ 10 گرام5 لیٹر صاف پانی میں ڈال کر رات بھر کیلئے رکھ دیں اور صبح کواسے ہلکی آنچ پر ایک گھنٹے کیلئے ابالیں پھر محلول کو صاف ململ کے کپڑے میں چھان کر 100 لیٹر پانی میں حل کر کے ایک ایکڑ کپاس کے کھیت میں سپرے کریں۔

انہوں نے بتایا کہ اس نباتاتی سپرے سے ماحولیاتی آلودگی،کیڑوں میں زہروں کے خلاف قوت مدافعت اور مفید کیڑوں کی تلفی میں واضح کمی ہوگی اور کاشتکار کا فصل پر خرچہ کم ہونے سمیت اسکی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوگا۔