اسلام آباد۔4مئی (اے پی پی):پاکستان میں جمہوریہ تاجکستان کے سفیر شریف زادہ یوسف تویر نے کہا ہے کہ گلیشیئرز کے تحفظ کے حوالہ سے 3 روزہ تیسری اعلیٰ سطحی بین الاقوامی کانفرنس 29 تا 31 مئی 2025 کو دوشنبہ، تاجکستان میں منعقد ہوگی۔ کانفرنس کی میزبانی جمہوریہ تاجکستان کی حکومت کرے گی اور کانفرنس عالمی برادری کو گلیشیئرز کے تحفظ کے لیے پائیدار اقدامات کے فروغ بارے میں آگاہی ، سہولت فراہم کرنے کا ایک منفرد پلیٹ فارم اور بہترین موقع فراہم کرے گی۔
اتوار کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے تاجک سفیر نے کہا کہ تاجکستان کے اس اقدام کی حکومت اسلامی جمہوریہ پاکستان کی طرف سے مکمل حمایت کی گئی ہے اور پاکستان اس اقدام کے فریم ورک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس اقوام متحدہ کے اداروں اور دیگر شراکت داروں کے تعاون سے منعقد کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد A/RES/77/158 14 دسمبر 2022 کو منظور کی گئی تھی جس میں 2025 کو گلیشیئرز کے تحفظ کا بین الاقوامی سال قرار دیا گیا تھا۔
مزید برآں اقوام متحدہ کی قرارداد کی منظوری جس میں 2025-2034 کو کرائیوسفیئر سائنسز کے لیے بین الاقوامی دہائی کا بھی اعلان کیا گیا ہے جو سائنسی تفہیم کے استحکام اور گلیشیئر زکے تحفظ کے لیے موثر حکمت عملی کی تیاری کے لئے ہماری کوششوں میں ایک اہم سنگ میل ہے۔تاجسکتان کے سفیر نے مزید کہا کہ ہم اقوام متحدہ کے رکن ممالک، اقوام متحدہ کی ایجنسیوں، بین الاقوامی اور علاقائی تنظیموں، مالیاتی اداروں، کاروباری برادریوں، سول سوسائٹی، پانی کی تنظیموں اور پانی، توانائی، صحت، خوراک، مالیات، آب و ہوا، ماحولیات، صنعت، سائنس، تعلیم سمیت مختلف شعبوں کی نمائندگی کرنے والے اسٹیک ہولڈرز کی فعال شرکت کے منتظر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گلیشیئرز کے تحفظ کے بارے میں اعلیٰ سطحی بین الاقوامی کانفرنس کے فریم ورک کے تحت جمہوریہ تاجکستان کی حکومت کی جانب سے متعدد علاقوں میں مفت سیر و تفریح کا اہتمام کیا جاتا ہے،کانفرنس کے شرکا کو تاجکستان کی بھرپور تاریخ، ثقافت اور منفرد نوعیت کی خصوصیات سے واقفیت کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تاجکستان اپنے مہمان نواز عوام ، ناقابل یقین حد تک لذیذ کھانوں، منفرد پہاڑوں اور ابدی گلیشیئرز کے لیے بھی دنیا میں ایک منفرد پہچان کا حامل ملک ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے تقریباً 93 فیصد علاقے پر شاندار پہاڑ ہیں جن کا تعلق دنیا کے بلند ترین پہاڑوں سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاجکستان کے علاقے میں دس ہزار سے زیادہ پہاڑی گلیشیئر زہیں جن میں سے سب سے بڑا وانچ یخ (فیڈچینکو) گلیشیئر ہے۔انہوں نے کہا کہ تاجکستان اپنی بھرپور تاریخ، منفرد ثقافت، قدیم رسم و رواج اور روایات کے ساتھ ساتھ طویل دریاؤں، جھیلوں اور قدرتی چشموں کے ساتھ اپنی دلکش فطرت کے لیے مشہور ہے اور ہم دنیا کی قدیم ترین قوموں میں سے ایک ہیں۔
تاجک سفیر نے کہا کہ جدید تاجکستان قدیم تاریخی اور ثقافتی ورثے کو احتیاط کے ساتھ محفوظ کرتا ہے اور دستکاری کی روایات کو زندہ کرتا ہے اور آج تک جمہوریہ کے کئی قدیم شہروں میں سونے کی کڑھائی کے ماہروں کے مشہور خاندانوں کی مصنوعات موجود ہیں جن کو دنیا بھر میں پسند جاتا ہے ، ہم نے فن کو محفوظ کیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تاجکستان کے علاقے میں پہلی صدی قبل مسیح کے وسط سے پہلے بھی لوگ آباد تھے جنہوں نے سوغدیانہ اور باختریا جیسی مشہور قدیم ریاستیں بنائیں۔یہ ملک تاریخی اور ثقافتی ورثہ سے مالا مال ہے۔انہوں نے کہا کہ قلعہ ہسور، خواجہ مشہد کا مقبرہ، 7ویں-8ویں صدی کی بدھ خانقاہوں کی باقیات اور بہت سی دوسری یادگاریں تاجکستان کی تاریخ کے اہم سنگ میلوں کے بارے میں بہت کچھ بتائیں گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592354