لاہور۔13جنوری (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے یہاں گورنر ہائوس لاہور میں نیدرلینڈز میں تعینات پاکستان کے سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران سلجوق مستنصر تارڑ نے گورنر پنجاب کو آگاہ کیا کہ پاکستان عالمی عدالت انصاف میں فلسطینی عوام کے حق میں جنوبی افریقہ کے اسرائیل کے خلاف مقدمہ کی بھرپور حمایت کر رہا ہے ۔
ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق گورنر پنجاب نے سلجوق مستنصر تارڑ کو کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کے کنونشن کی ریاستوں کی کانفرنس کا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔انہو ں نے کہا کہ پہلے پاکستانی کا اس کانفرنس کا چیئرمین منتخب ہونا ملک کے لیے باعث افتخار ہے۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ نیدرلینڈز یورپین یونین میں پاکستان کا دوسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے ۔
انہوں نے کہا کہ نیدرلینڈز کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔گورنر پنجاب نے سفیر کی آرٹ میں دلچسپی کو سراہااور کہا کہ زیادہ سے زیادہ فورمز کا حصہ بن کر آرٹ اور ادب کے ذریعے پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر کریں۔پاکستانی سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے کہا کہ گورنر ہائوس لاہور ایک تاریخی ورثہ ہے۔ اسے جس طرح عوام کے لیے محفوظ کیا گیا ہے اور اس میں مزید بہتری لائی جا رہی ہے وہ ایک قابل تعریف امر ہے۔
انہوں نے گورنر ہائوس میں منظم ٹورز کے ذریعے عوام کو بھرپور رسائی دینے کے اقدام کو بھی سراہا۔سلجوق مستنصر تارڑ نے گورنر ہائوس میں استاد اللہ بخش، عبدالرحمن چغتائی اور استاد محمد شریف کے فن پاروں اور تاریخی پیانو کی بحالی کے کام میں بھی خصوصی دلچسپی لی۔
اس موقع پر سلجوق مستنصر تارڑ نے اپنی لکھی ہوئی کتاب” آل دیٹ آرٹ” اور اپنے والد مستنصر حسین تارڑ کی کتاب” پیار کا پہلا پنجاب” گورنر پنجاب کو پیش کی۔ گورنر پنجاب نے نیدرلینڈز میں تعینات پاکستانی سفیر سلجوق مستنصر تارڑ کو مشہور آرکیٹیکٹ یاسمیں لاری کی گورنر ہائوس پر تحقیق کی گئی کتاب تحفے میں دی۔