ہیلی کاپٹر حادثہ پر پوری قوم سوگوار ہے ، فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سیاسی تاریخ کا اہم ترین دن ہے، پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماحنیف عباسی کی پریس کانفرنس

72

راولپنڈی۔2اگست (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ ن راولپنڈی کے رہنما حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثہ میں پاک فوج کے شہید ہونے والے افسران کوخراج عقیدت پیش کرتا ہوں ، پوری قوم سوگوار ہے اوراپنے شہدا کو سلام پیش کرتی ہے،فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ کے حوالے سے پاکستان کی سیاسی تاریخ کا آج اہم ترین دن ہے، پاکستان کا ایسا سیاست دان نااہل ہونے جارہا ہے جس نے نہ صرف عوام کے ساتھ جھوٹے دعوے کیے بلکہ اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر طوفان بدتمیزی برپا کیا۔2017 میں میری ایک درخواست خارج ہوئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ہم حکومت اور الیکشن کمیشن میں کوئی تنازع چاہتے ہیں مگر آج عمران خان جھوٹاثابت ہو گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار حنیف عباسی نے منگل کو راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

حنیف عباسی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ٹیم کی جانب سے طوفان بدتمیزی برپا کیا گیا اور اداروں کےخلاف مہم جوئی کی گئی جس کی مزمت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف آج کے دن بھی ایسی من گھڑت کہانیاں بنا رہے ہیں اور حکومت کو چاہیے کہ سوشل میڈیا پر ہونے والی چیزوں پر ایکشن لے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں ہمارا موقف تھا کہ عمران خان کا دیا ہوا بیان حلفی غلط ہے جو آج ثابت ہوگیاہے سکروٹنی کمیٹی جس نے سارا مواد اکھٹا کیا وہ تحریک انصاف کی حکومت میں بنی تھی۔ حنیف عباسی نے کہا کہ عمران خان کہ کہنے پر لوگوں کی مائوں ، بہنوں کو عدالتوں میں گھسیٹا جاتا تھا اور شہباز شریف کو کبھی ایک جیل تو کبھی دوسری جیل میں ڈالا جاتا تھا،رات 12 بجے فیصلے دئیے جاتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان مدینہ کی ریاست کی مٹی کے تنکے کے برابربھی نہیں ہیں اورشاہ محمود قریشی جیسا چندہ خور شخص مدینے کی ریاست کا وارث کیسے ہوسکتا ہے۔ حنیف عباسی نے کہا کہ دبئی میں فنڈ ریزنگ کرنا منع ہے،تمام ممالک سوچ رہے ہیں کہ ہمارے ملک سے فارن فنڈنگ کیسے ہوئی ہے،16 بے نامی اکائونٹس جو ظاہر نہیں کئیے گئے تھے اوریہ تمام معاملات سے لاعلمی کا اظہار کر رہے ہیں،عمران خان کہتے ہیں مجھے نہیں معلوم پیسے کہاں سے آئے ہیں،عمران خان کو لوگوں کے پیسوں اور جیبوں سے پیار ہے۔

انہوں نے کہا سپریم کورٹ میں اپنے وکلا کی مشاورت سے جائیں گے اور یہ عدالتوں کے لئیے سوالیہ نشان ہوگا کہ ایسے شخص کا کیس کیسے سنتی ہیں ،اسد عمر کہتے ہیں حرام کا پیسا بچانے کے لئیے ایسی حرکت کی جارہی ہے،یہ لوگ عوام کو گمراہ کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت کو نہ ہٹایا جاتا تو پاکستان ایسی صورتحال پر نہ ہوتا اور نہ ہی آج تک پاکستان کی عوام کو تبدیلی کے نام پر لوٹا جاتا۔

عمران خان نے پاکستان کی عوام کو سڑکوں پر مار کھانے کے لئے چھوڑا اور خود پشاور میں چھپا رہا۔ انہوں نے کہا جلد عمران خان کے خلاف ریفرنس دائر کروں گا۔