اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):پاکستان بیت المال نے گذشتہ مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران دارالاحساس مراکز میں رہائش پذیر یتیم بچوں کی بنیادی ضروریات پر 441.649 ملین روپے خرچ کئے ہیں۔ پاکستان بیت المال کے حکام کے مطابق یتیم بچوں کو مفت خوراک، علاج معالجہ کی سہولیات کے ساتھ ساتھ معروف تعلیمی اداروں میں مفت تعلیم سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
اسی طرح دو شہروں میں قائم احساس کدہ مراکز میں رہائش پذیر بزرگ شہریوں کھانے پینے سمیت دیگر سہولیات پر 7.1 ملین روپے کے اخراجات ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احساس کدہ مراکز میں 60 سال سے زائد عمرکے بزرگ شہریوں کو رہائش فراہم کی جاتی ہے جہاں پر ان کو علاج معالجہ سمیت دیگر سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔
اسی طرح گذشتہ مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران ملک بھر میں مختلف پناہ گاہوں پر غریب، بے گھر اور معذور افراد کی بنیادی ضروریات پر 183.015 ملین روپے کے اخراجات ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بیت المال شہریوں کو صحت ، رہائش کیلئے محفوظ ماحول اور صحت مند خوراک باعزت طریقے سے فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دیتا ہے۔