یو اے ای نے غزہ کے فلسطینیوں کے لیے طبی سامان سےبھرا طیارہ بھیج دیا

109
یو اے ای نے غزہ کے فلسطینیوں کے لیے طبی سامان سےبھرا طیارہ بھیج دیا

ابوظہبی ۔14اکتوبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات نے ہنگامی طبی امدادی سامان سےبھرا طیارہ مصری شہر العریش بھیج دیا جہاں سے امدادی سامان رفح چیک پوسٹ کے راستے غزہ بھیجا جائے گا۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق اماراتی وزیر خارجہ سلطان الشامسی نے کہا کہ امارات نے طبی سامان فلسطینی بھائیوں کو درپیش مشکل حالات میں مدد کی پالیسی کے تحت بھیجا ہے۔

امارات فلسطینی بھائیوں کی مسلسل مدد کررہا ہے۔ اماراتی وزیر خارجہ نے کہا کہ طبی سامان سمیت مختلف امدادی پروگرام فلسطینیوں کی مدد سے متعلق امارات کی برادرانہ پالیسی کا حصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی مشکل حالات سے دوچار ہیں۔ ان کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے طبی سامان بھیجا گیا ہے جسے مصر کے تعاون سے غزہ پٹی بھجوایا جائے گا تاکہ وہاں انسانی مسائل سے دوچار فلسطینی بھائی خصوصا بچوں اور خواتین کا دکھ کم کیا جاسکے۔