یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر لائل پور میوزیم فیصل آباد میں ریلی نکالی

116

فیصل آباد۔ 05 فروری (اے پی پی):یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر لائل پور میوزیم فیصل آباد میں ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ڈائریکٹر انفارمیشن خورشید جیلانی نے کی۔ ریلی میں طلبا کی کثیر تعداد بھی شریک تھی۔میوزیم آفیسرز اورطلباء نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر انفارمیشن کا کہنا تھا کہ پاکستان بھر کی طرح ہم بھی آج لائل پور میوزیم فیصل آباد کے پلیٹ فارم سے یوم یکجہتی کشمیر منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یکجہتی کشمیر اس عزم کے اعادہ کا دن ہے کہ ہر پاکستانی مظلوم کشمیریوں کی آواز بنے اور ہم اس عزم کا بھی اظہار کرتے ہیں کہ ہم کشمیریوں کی سیاسی،اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھیں گے اور دنیا کے ہر پلیٹ فارم پر ان کی آواز بنیں گے تاکہ کشمیری اپنا حق خود ارادیت حاصل کر سکیں اور آزادی کی منزل پا سکیں۔

میوزیم فیلڈ آفیسر شہناز محمود کاکہنا تھا کہ ہم بھارت کی کشمیریوں پر غیر قانونی قبضے کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں پاکستان کا اصولی موقف یہی ہے کہ مسئلہ کشمیر عوام متحدہ کی قرار دادوں کے تحت اور عوامی رائے شماری سے حل ہونا چاہیے تاکہ برصغیر میں امن کی فضا قائم ہو سکے۔آج کے دن ہم یاد دلانا چاہتے ہیں کہ کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں وہ اپنے آپ کو اکیلا مت سمجھیں پاکستان کی بھر پور حمایت ان کے ساتھ ہے اور ہمارا صرف ایک ہی نعرہ ہے” کشمیر بنے گا پاکستان ”۔