سمندر پار پاکستانیوں کے علم اور مہارت سے فائدہ حاصل کیا جانا چاہیے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سکولوں میں بچوں کے سو فیصد داخلے کو یقینی بنانے اور ملک و قوم کی تیز رفتار سماجی و اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے احتیاطی صحت کے طریقہ کار کو فروغ دینے کے نئے اور اختراعی حل اپنانے چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی کمیشن برائے انسانی ترقی (این سی ایچ ڈی) کے چیئرمین کرنل (ر) ڈاکٹر امیر اللہ مروت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر پاکستان ہیومن ڈویلپمنٹ فنڈ کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف اور این سی ایچ ڈی کے سینئر ممبران بھی موجود تھے ۔

صدر مملکت نے ملک کے صرف 68 فیصد بچوں کے پرائمری سطح پر سکولوں میں داخلہ کی شرح پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ سکولوں میں بچوں کے 100 فیصد داخلے کو یقینی بنانے کیلئے نئے اور اختراعی حل اپنانے کی ضرورت ہے ،عوام اور ملک کی تیز رفتار سماجی و اقتصادی ترقی یقینی بنانے کیلئے احتیاطی صحت کے طریقہ کار کو فروغ دینا ہوگا۔ صدر مملکت نے کہا کہ اسکولوں میں بچوں کے 100 فیصد اندراج کو یقینی بنانا ضروری ہے ، اس سلسلے میں زیادہ سے زیادہ بچوں کو تعلیم کی فراہمی کیلئے مساجد کو فجر سے ظہر تک بطور اسکول استعمال کیا جاسکتا ہے، جہاں ممکن ہو تعلیم کے ہائبرڈ طریقوں کو استعمال کیا جانا چاہیے۔

صدر مملکت نے مقامی سطح پر تعلیم کی فراہمی ، رسمی اور غیر رسمی تعلیم اور ہنر مندی کے فروغ کے پروگراموں کو بروئے کار لانے کی ضرورت پربھی زور دیا اور کہا کہ نوجوانوں کو قابل قدر ہنر فراہم کرنے کیلئے جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی ٹولز اپنائے جائیں، پروفیشنل افراد سے ملک میں ہی مستفید ہونے کیلئے ایک جامع نظام کی ضرورت ہے ، ڈاکٹرز، انجینئرز، آئی ٹی ماہرین سمیت دیگر شعبوں میں اعلیٰ صلاحیتوں کے حامل افراد کی ذہانت، علم اور مہارت کو بروئے کار لانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ قیمتی انسانی وسائل کے برین ڈرین کو روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات ضروری ہیں، پاکستانی تارکین وطن اپنے میزبان ممالک کی ترقی میں حصہ ڈال رہے ہیں، آن لائن اور ہائبرڈ پلیٹ فارمز کے ذریعے سمندر پار پاکستانیوں کے علم اور مہارت سے پاکستان میں فائدہ حاصل کیا جانا چاہیے۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ خاندان کے بڑے سائز کو مانع حمل ادویات کی دستیابی ، تعلیم اور معاشی حالت بہتر بنا کر مناسب وقت میں کافی حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔

صدر مملکت نے اساتذہ اور صحت کے کارکنوں کی استعداد کار میں اضافے اور تربیت میں این سی ایچ ڈی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے غربت کے خاتمے کیلئے ادارے کی کوششوں، تحقیقی مطالعات اور ڈیٹا اکٹھا کرنے، اور عالمی وسائل کو متحرک کرنے میں کردار کی بھی تعریف کی اور این سی ایچ ڈی کو قومی مقصد کے حصول کیلئے کوششوں میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔