اسلام آباد ۔ 8 جنوری (اے پی پی) وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ ملک اور اداروں کو آگے بڑھانے کیلئے کمپرومائز کرنا پڑتا ہے، تمام قومی اداروں کو شفاف بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، جس طرح آرمی ایکٹ کا معاملہ مفاہمت سے حل ہوا ہے اسی طرح اب ہم چاہتے ہیں کہ اپوزیشن عوام کے مسائل کے حل کیلئے بھی حکومت کے …
، ترجمان وزیر اعظم ندیم افضل چن کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 8 جنوری (اے پی پی) وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ ملک اور اداروں کو آگے بڑھانے کیلئے کمپرومائز کرنا پڑتا ہے، تمام قومی اداروں کو شفاف بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، جس طرح آرمی ایکٹ کا معاملہ مفاہمت سے حل ہوا ہے اسی طرح اب ہم چاہتے ہیں کہ اپوزیشن عوام کے مسائل کے حل کیلئے بھی حکومت کے ساتھ کھڑی ہو۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان وزیراعظم نے کہا کہ پارلیمنٹ چلانے، معیشت کی بہتری اور پالیسی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کیلئے اپوزیشن جماعتوں کا تعاون بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب قوانین میں اصلاحات سے زیادہ الیکشن کمیشن کا معاملہ زیادہ اہم ہے جسے فوری طور پر حل ہونا چاہیے، اپوزیشن کے ساتھ رابطے میں ہیں، امید ہے کہ معاملہ خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچے گا۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے نیب قوانین میں اصلاحات نہ کر کے تاریخی غلطی کی، قوانین میں ترامیم ضروری ہیں اور مجھے پورا یقین ہے کہ یہ ترامیم متفقہ طور پر ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ چارٹر آف معیشت وقت کی ضرورت ہے، اپوزیشن جماعتوں کو چاہیے کہ وہ حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔ ترجمان وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے بہت سارے معاملات میں لچک دکھائی ہے، حکومت نے گزشتہ حکومتوں کی سکیموں کو روکنے کی بجائے جاری رکھا، اب اپوزیشن کی باری ہے کہ وہ قومی مفادات کے معاملات پر سیاسی اختلافات ایک طرف رکھ کر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے حکومت کا ساتھ دے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کا عمل بلاتفریق جاری رہے گا اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔








