، وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

اسلام آباد ۔ 7 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ آرمی ایکٹ میں ترمیم کے معاملہ پر اپوزیشن جماعتوں نے مثبت کردار ادا کیا ہے جس سے پارلیمنٹ اور جمہوریت مزید مضبوط ہوگی اور توقع ہے کہ اپوزیشن اسی طرح نیب آرڈیننس اور الیکشن کمیشن کے معاملات کے حل کیلئے بھی حکومت کا ساتھ دے گی۔ منگل کو نجی …

اسلام آباد ۔ 7 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ آرمی ایکٹ میں ترمیم کے معاملہ پر اپوزیشن جماعتوں نے مثبت کردار ادا کیا ہے جس سے پارلیمنٹ اور جمہوریت مزید مضبوط ہوگی اور توقع ہے کہ اپوزیشن اسی طرح نیب آرڈیننس اور الیکشن کمیشن کے معاملات کے حل کیلئے بھی حکومت کا ساتھ دے گی۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی تباہ حال معیشت چھوڑ کر گئی تھیں، حکومت نے معیشت کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنے کا جو سفر شروع کیا تھا وہ کامیابی کے ساتھ جاری ہے، انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے مہنگائی پر قابو پانے کیلئے سنجیدگی کے ساتھ کام کیا ہے اور رواں سال عوام کو ریلیف ملے گا۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی اختلافات کی وجہ سے 100 فیصد اتفاق رائے پیدا نہیں ہو سکتا لیکن بڑے بڑے معاملات پر انڈرسٹینڈنگ ہونی چاہیے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نیب آرڈیننس پر کمیٹی بنا دی ہے، حکومت پہلے پیپلز پارٹی اور پھر ن لیگ سے رابطہ کرے گی اور دونوں جماعتوں کی مثبت تجاویز کا خیرمقدم کیا جائے گا، اپوزیشن کو الیکشن کمیشن اور نیب آرڈیننس کے معاملات کے حل کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ مشرقی وسطٰی کی موجودہ صورتحال اور بھارتی جارحیت کے باعث ضروری ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں آپس کے اختلافات کو ایک طرف رکھ کر قومی مفاد میں متحد ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو واپس آ کر مقدمات کا سامنا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کو سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بیرون ملک علاج کی مزید مہلت نہیں دینی چاہیے۔