آئندہ مالی سال کے پی ایس ڈی پی میں وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس کے جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 16 ارب 33 کروڑ 47 لاکھ روپے مختص

آئندہ مالی سال کے پی ایس ڈی پی میں وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس کے جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 16 ارب 33 کروڑ 47 لاکھ روپے مختص

اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 27-2026 کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) میں وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس کے جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر 16 ارب 33 کروڑ 47 لاکھ روپے مختص کر دیئے ہیں۔جمعہ کو یہاں جاری پی ایس ڈی پی دستاویزات کے مطابق وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس کے جاری منصوبوں کیلئے آئندہ مالی سال 27-2026 میں 15 ارب 9 کروڑ 47 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں جبکہ ان منصوبوں کی مجموعی لاگت 80 ارب روپے سے زائد ہے۔

اہم جاری منصوبوں میں وزیراعظم آفس بلاک کی تزئین و مرمت کیلئے 15 کروڑ 33 لاکھ 80 ہزار روپے، شہید ملت سیکرٹریٹ میں پرانی لفٹوں کی تبدیلی کیلئے ایک لاکھ ایک ہزار روپے اور منسٹرز انکلیو اسلام آباد میں 12 نئے اپارٹمنٹس کی تعمیر کیلئے 5 کروڑ 30 لاکھ 80 ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں۔اسی طرح الیکشن کمیشن آف پاکستان کے وفاقی دارالحکومت میں فیڈرل الیکشن اکیڈمی اور دیگر دفاتر کی تعمیر کیلئے 10 کروڑ روپے، ڈپلومیٹک انکلیو اسلام آباد میں آئی بی کی عمارت کی تعمیر کیلئے 10 کروڑ روپے اور حیدرآباد میں موجود مرکزی نالہ کی بحالی کے منصوبے کیلئے 15 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔

دستاویز کے مطابق گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کی لائبریری و فرنیچر کی تعمیر و ترقی کے منصوبے کیلئے 10 کروڑ روپے جبکہ کراچی اربن انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ پیکیج کیلئے 7 ارب 50 کروڑ روپے اور حیدرآباد اربن انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ پیکیج کیلئے 2 ارب 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

پی ایس ڈی پی میں وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس کے تحت تین نئے منصوبے بھی شامل کیے گئے ہیں جن کیلئے مجموعی طور پر 1 ارب 30 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں میں اسلام آباد میں نیشنل ڈیجیٹل لائبریری اور 150ویں سالگرہ یادگار کیلئے 1 ارب 20 کروڑ روپے، سوات میں آئی بی آفس کی تعمیر کیلئے 5 کروڑ روپے اور مٹھی میں آئی بی آفس کی تعمیر کیلئے 5 کروڑ روپے شامل ہیں۔دستاویز کے مطابق وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس کے جاری منصوبوں کی مجموعی لاگت 80 ارب 21 کروڑ 38 لاکھ 70 ہزار روپے ہے جبکہ مالی سال 27-2026 کیلئے مجموعی ترقیاتی مختص رقم 16 ارب 33 کروڑ 47 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔