گوجرانوالہ۔ 12 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے کہا ہے کہ موسم کی تبدیلی کے پیش نظر ڈینگی مچھر سے تحفظ کے لیے بروقت سرویلنس آپریشن شروع کیا جائے تاکہ ہاٹ اسپاٹ مقامات کی بروقت صفائی سے مچھر کی افزائش کو روکا جا سکے۔ پچھلے سال جن مقامات پر لاروا برآمد ہوا ایسے مقامات پر کڑی نگرانی اور سرویلنس کی جائے تاکہ ڈینگی وائرس کی افزائش ناممکن …
ڈینگی کا مکمل خاتمہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیح ہے،ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ
گوجرانوالہ۔ 12 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے کہا ہے کہ موسم کی تبدیلی کے پیش نظر ڈینگی مچھر سے تحفظ کے لیے بروقت سرویلنس آپریشن شروع کیا جائے تاکہ ہاٹ اسپاٹ مقامات کی بروقت صفائی سے مچھر کی افزائش کو روکا جا سکے۔ پچھلے سال جن مقامات پر لاروا برآمد ہوا ایسے مقامات پر کڑی نگرانی اور سرویلنس کی جائے تاکہ ڈینگی وائرس کی افزائش ناممکن ہو۔
انہوں نے کہا کہ ڈینگی پر مؤثر کنٹرول اور اس کا مکمل خاتمہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیحات میں سے ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی اور تحصیل لیول پر روزانہ کی بنیاد پر ڈینگی کے خلاف کارکردگی کا جائزہ لیا جائے اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنی اپنی تحصیلوں میں متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر انسداد ڈینگی سرگرمیاں جاری رکھتے ہوئے سرکاری محکمہ جات کے دفاتر کی چھتوں اور ڈینگی مچھر کی افزائش کے تمام ممکنہ مقامات کو خود چیک کریں اور جہاں کہیں غفلت اور کوتاہی نظر آئے وہاں ذمہ داران کے خلاف انسداد ڈینگی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کروائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کے تحفظ کے معاملے پر کسی قسم کی کوتاہی و غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، تمام محکمے اپنی اینڈرائیڈ سرگرمیاں جاری رکھیں اور بروقت اپلوڈ کریں۔ ڈینگی مچھر کی افزائش کے ممکنہ مقامات جن میں سرکاری و نجی دفاتر، سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کی چھتیں، گملے، ائیر کولرز، فریج، کباڑ خانے، قبرستان، سرامکس انڈسٹریز، ٹائر شاپس وغیرہ شامل ہیں ان کی مکینیکل سوپنگ کی جائے اور جہاں کہیں سپرے کی ضرورت ہے وہاں پر درکار اقدامات اُٹھائے جائیں۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا اور خشک رکھیں۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر صائمہ خان، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر عمر راٹھور، ڈی ایچ او ڈاکٹر عادل، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز، واسا، گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے








