بجٹ 27-2026 عام آدمی، تنخواہ دار طبقے اور کاروباری برادری کے لئے امید اور ریلیف کا پیغام ہے، طارق فضل چوہدری

وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ بجٹ 27-2026 صرف اعداد و شمار کا مجموعہ نہیں بلکہ عام آدمی، تنخواہ دار طبقے اور کاروباری برادری کے لئے امید اور ریلیف کا پیغام ہے

اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ بجٹ 27-2026 صرف اعداد و شمار کا مجموعہ نہیں بلکہ عام آدمی، تنخواہ دار طبقے اور کاروباری برادری کے لئے امید اور ریلیف کا پیغام ہے۔

جمعہ کو وفاقی بجٹ 27-2026 کے حوالے سے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے کے لئے ٹیکسوں میں نمایاں کمی، سرکاری ملازمین اور پنشنرز کی آمدن میں اضافہ، برآمدات اور صنعت کے لئے مراعات، پراپرٹی سیکٹر میں ٹیکس ریلیف، آئی ٹی اور فری لانسرز کے لئے پالیسی کا تسلسل اور سرمایہ کاری کے فروغ کے اقدامات اس بجٹ کو عوام دوست اور کاروبار دوست بناتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مشکل معاشی حالات کے بعد یہ بجٹ اس عزم کا اظہار ہے کہ معاشی استحکام کے ثمرات اب براہِ راست عوام تک پہنچیں گے، یہ بجٹ نہ صرف متوسط طبقے پر بوجھ کم کرے گا بلکہ نئے کاروباری مواقع، سرمایہ کاری اور روزگار کے دروازے بھی کھولے گا۔ بجٹ تجاویز پاکستان کی معیشت کو مضبوط، خود انحصار اور ترقی یافتہ بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔