داتا دربار لاہور میں سالانہ غسلِ مزار کی تقریب 9 محرم الحرام کو منعقد ہوگی

حضرت علی بن عثمان ہجویری المعروف داتا گنج بخش رحمت اللہ علیہ کے مزار پر غسل کی تقریب

لاہور۔12جون (اے پی پی):محکمہ داخلہ پنجاب نے حضرت علی بن عثمان ہجویری المعروف داتا گنج بخش رحمت اللہ علیہ کے مزار پر غسل کی تقریب کے انتظامات کے سلسلے میں فول پروف سکیورٹی کیلئے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق داتا دربار لاہور میں 983ویں سالانہ غسلِ مزار کی تقریب 9 محرم الحرام کو منعقد ہوگی۔ محکمہ داخلہ نے تقریب میں شرکت کرنے والے تمام افراد کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ ڈپٹی کمشنر لاہور اور سی سی پی او ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جامع سکیورٹی پلان تیار کریں جبکہ آئی جی پنجاب روزانہ کی بنیاد پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز، سرچ آپریشنز اور سرپرائز چیکنگ کی تفصیلات محکمہ داخلہ کو بھجوائیں۔ محکمہ داخلہ کی جاری کردہ ہدایات کہ مطابق خواتین زائرین کی سہولت اور سکیورٹی کیلئے خواتین پولیس اہلکار تعینات کی جائیں گی جبکہ ضلعی انتظامیہ نمایاں مقامات پر مناسب تعداد میں خواتین پولیس اہلکاروں کی تعیناتی یقینی بنائے گی۔ جاری کردہ ہدایات کے مطابق تقریب سے قبل ٹریفک مینجمنٹ پلان ترتیب دے کر تمام متعلقہ محکموں کو فراہم کیا جائے گا۔ پارکنگ کے انتظامات داتا دربار سے محفوظ فاصلے پر کرنے اور دربار کے قرب و جوار سے لاوارث گاڑیاں فوری طور پر ہٹوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سپیشل برانچ دربار اور ملحقہ احاطے کی بروقت اور مکمل ٹیکنیکل سویپنگ یقینی بنائے گی جبکہ دربار سے ملحقہ چھتوں پر تربیت یافتہ سنائپرز تعینات کیے جائیں گے تاکہ گردونواح پر مثر نگرانی رکھی جا سکے۔ اس کے علاوہ انٹیلیجنس شیئرنگ کیلئے دربار پر متعلقہ اہلکاروں کی تعیناتی بھی یقینی بنائی جائے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ تقریبِ غسل کیلئے مختص حصے میں صرف متعلقہ افراد کو جانے کی اجازت ہوگی جبکہ دربار کے تمام داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں گے اور مسلسل نگرانی برقرار رکھی جائے گی۔ محکمہ داخلہ کی ہدایات کے مطابق دربار میں آنے والے تمام زائرین کی جامع تلاشی لی جائے گی اور اندرونی و بیرونی حصوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے 24/7 نگرانی یقینی بنائی جائے گی۔ لاہور کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کی نگرانی مزید مثر بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسی طرح کسی بھی مشکوک شخص یا گاڑی کو شہر میں داخل نہ ہونے دیا جائے گا۔ شرپسند عناصر پر نظر رکھنے کیلئے سادہ کپڑوں میں سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے جبکہ ریڑھی بان اور خوانچہ فروشوں کی نگرانی کیلئے ضابطہ اخلاق بھی مرتب کیا جائے گا۔ محکمہ داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ فائر بریگیڈ، بم ڈسپوزل سکواڈ، ریسکیو 1122، ایمبولینس اور میڈیکل سٹاف کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔ لنگر اور سبیل میں کسی بھی قسم کی مضر صحت ملاوٹ کو روکنے کیلئے مسلسل نگرانی کی جائے اور ان مقامات پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں تعینات کی جائیں۔ لاڈ سپیکر صرف مقررہ اور اجازت یافتہ مقامات پر استعمال کیے جائیں گے۔ دربار کے احاطے اور گردونواح میں بہترین صفائی انتظامات کیلئے ستھرا پنجاب ٹیمیں تعینات کی جائیں جبکہ مقامی انتظامیہ کھلے مین ہولز کو سیل کرے اور نکاسی آب کا مثر اور بہترین نظام یقینی بنائے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے آئی جی پنجاب، سیکرٹری اوقاف، سی سی پی او، کمشنر لاہور، ڈی جی ریسکیو، ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، ڈائریکٹر پنجاب سول ڈیفنس، ایس پی سکیورٹی لاہور اور ایڈمنسٹریٹر داتا دربار لاہور کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

مزید خبریں