وزیرِ خزانہ کی زیرِ صدارت ای سی سی کا اجلاس، اہم تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس جمعہ کو وزارتِ خزانہ میں وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ای سی سی نے وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے پیش کی گئی سمری منظور کرتے ہوئے خیبر پختونخوا حکومت کو پاسکو کے مزید 50 ہزار میٹرک ٹن گندم 4,150 روپے فی 40 کلوگرام کے نرخ پر فراہم کرنے کی منظوری دے …

اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس جمعہ کو وزارتِ خزانہ میں وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ای سی سی نے وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے پیش کی گئی سمری منظور کرتے ہوئے خیبر پختونخوا حکومت کو پاسکو کے مزید 50 ہزار میٹرک ٹن گندم 4,150 روپے فی 40 کلوگرام کے نرخ پر فراہم کرنے کی منظوری دے دی۔ اس اضافی فراہمی سے صوبے کی گندم کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔کمیٹی نے وزارتِ اطلاعات و نشریات کی جانب سے مالی سال 2025-26 کے دوران وفاقی سطح پر عوامی آگاہی مہمات اور تشہیری سرگرمیوں کے لیے 2 ارب 67 کروڑ 41 لاکھ 30 ہزار روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ (TSG) کی بھی منظوری دی۔

ای سی سی نے مزید 86 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی جو اسٹریٹجک پلانز ڈویژن/سپارکو کی جانب سے ’’پاکستان میں ڈیپ اسپیس اور فلکیاتی رصدگاہوں کے قیام‘‘ اور ’’پاکستان کے انسانی خلائی مشن‘‘ کے منصوبوں کے لیے طلب کی گئی تھی۔اجلاس میں وزارتِ داخلہ و انسدادِ منشیات کی سمری بھی منظور کی گئی، جس کے تحت ہیڈکوارٹرز فرنٹیئر کور بلوچستان (جنوبی)، تربت کی آپریشنل ضروریات پوری کرنے کے لیے 64 کروڑ 60 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ فراہم کی جائے گی۔ یہ فنڈز آپریشنل تیاری، حفاظتی آلات، گاڑیوں اور مواصلاتی نظام کی مرمت سمیت دیگر ضروری اخراجات کے لیے استعمال ہوں گے۔ای سی سی نے وزارتِ بحری امور کی جانب سے کراچی ڈاک لیبر بورڈ (KDLB) کے مزدوروں کے معاوضہ پیکیج میں وفاقی حکومت کے حصے کے طور پر 5 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی۔

کمیٹی نے پارلیمانی امور ڈویژن کی سمری منظور کرتے ہوئے مالی سال 2026-27 کے بجٹ اجلاسِ پارلیمان کے انتظامات کے لیے ایک کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی۔اجلاس میں وفاقی وزیرِ سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ، وفاقی وزیرِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزیرِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال (ورچوئل شرکت) اور وفاقی وزیرِ توانائی سردار اویس احمد خان لغاری (ورچوئل شرکت) نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ متعلقہ وزارتوں، ڈویژنز اور ریگولیٹری اداروں کے وفاقی سیکریٹریز اور سینئر حکام بھی اجلاس میں موجود تھے۔

مزید خبریں