ایم ڈی واسا راولپنڈی کی زیرصدارت اجلاس، جاری ترقیاتی منصوبوں، نالہ لئی اور شہر کے چھوٹے نالوں کی ڈسلٹنگ کا جائزہ

ایم ڈی واسا راولپنڈی عزیز اللہ خان کی صدارت میں گزشتہ روز اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں، نالہ لئی اور شہر کے چھوٹے نالوں کی ڈسلٹنگ، انسدادِ ڈینگی اقدامات اور محرم الحرام کے جلوسوں کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر انجینئرنگ، واسا راولپنڈی کے تمام ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز نے شرکت کی

راولپنڈی۔ 12 جون (اے پی پی):ایم ڈی واسا راولپنڈی عزیز اللہ خان کی صدارت میں گزشتہ روز اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں، نالہ لئی اور شہر کے چھوٹے نالوں کی ڈسلٹنگ، انسدادِ ڈینگی اقدامات اور محرم الحرام کے جلوسوں کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر انجینئرنگ، واسا راولپنڈی کے تمام ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ایم ڈی واسا نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری مختلف اسکیموں بالخصوص ہولی فیملی اور ہملٹن روڈ منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کام بروقت اور معیاری انداز میں مکمل کیے جائیں۔اجلاس میں مون سون سیزن کے پیش نظر نالہ لئی، چھوٹے نالوں، ڈرینز اور سیوریج لائنوں کی جاری ڈسلٹنگ مہم کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ایم ڈی واسا نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ نشیبی علاقوں اور پانی جمع ہونے والے مقامات کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ بارشوں کے دوران شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اجلاس میں انسدادِ ڈینگی اقدامات پر بھی خصوصی غور کیا گیا۔

ایم ڈی واسا عزیز اللہ خان نے کہا کہ حالیہ موسمی تبدیلیوں اور مون سون سیزن کے باعث ڈینگی مچھر کی افزائش کے خدشات بڑھ جاتے ہیں اس لیے شہر بھر میں نکاسی آب اور پانی کھڑا نہ ہونے دینے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں، گلیوں اور اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں اور کہیں بھی صاف پانی جمع نہ ہونے دیں۔ایم ڈی واسا نے مزید ہدایت کی کہ محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس پر نکاسی آب،صاف پینے کی پانی فراہمی اور سیوریج سے متعلق تمام انتظامات کو بروقت مکمل کیا جائے تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس سلسلے میں تمام متعلقہ افسران و اہلکاروں کو الرٹ رہنے دوسرے اداروں کے ساتھ رابطہ رکھنے اور فیلڈ میں متحرک کردار ادا کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔ایم ڈی واسا راولپنڈی نے کہا کہ واسا راولپنڈی شہریوں کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں بہتر سہولیات کی فراہمی، مون سون انتظامات، انسدادِ ڈینگی اور محرم الحرام کے دوران بہترین انتظامات یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔