آئیوری کوسٹ میں2 روزہ ویسٹ افریقہ ریجنل واٹر فورم کا آغاز 24 ستمبر سے ہو گا

مغربی افریقی ملک آئیوری کوسٹ میں مغربی افریقہ کے پہلے 2 روزہ ویسٹ افریقہ ریجنل واٹر فورم کا آغاز 24 ستمبر سے ہو گا۔

آبدجان۔28جولائی (اے پی پی):مغربی افریقی ملک آئیوری کوسٹ میں مغربی افریقہ کے پہلے 2 روزہ ویسٹ افریقہ ریجنل واٹر فورم کا آغاز 24 ستمبر سے ہو گا۔

شنہوا کے مطابق مغربی افریقی ریاستوں کی اقتصادی تنظیم (ECOWAS) نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ آئیوری کوسٹ کے دارالحکومت آبدجان میں 24 اور 25 ستمبر کو مغربی افریقہ کا پہلا ویسٹ افریقہ ریجنل واٹر فورم منعقد کیا جائے گا۔ اس اعلیٰ سطحی فورم کا موضوع ’’مغربی افریقہ کی ترقی کے لیے پانی کی قدر کو اجاگر کرنا‘‘ ہے، جس کا مقصد آبی وسائل کے پائیدار انتظام اور ترقی کے لیے علاقائی پالیسیوں کی رہنمائی کرنے والا ایک مشترکہ روڈ میپ منظور کرنا ہے۔ ای سی او ڈبلیو اے ایس کے واٹر ریسورسز مینجمنٹ سینٹر کے ڈائریکٹر الیکسیس کواسی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا مقصد تمام متعلقہ فریقین کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا اور قومی سرحدوں سے بالاتر ہو کر آبی وسائل کے پائیدار انتظام کو یقینی بنانا ہے۔

آئیوری کوسٹ کے وزیرِ آب و جنگلات ژاک اساہورے کونان نے کہا کہ مغربی افریقہ میں 28 مشترکہ دریائی طاس (Transboundary River Basins) موجود ہیں، جو خطے کے تقریباً 71 فیصد رقبے پر محیط ہیں اس لیے ممالک کے درمیان تعاون ایک ناگزیر حکمتِ عملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کو اب رکاوٹ نہیں بلکہ زراعت، توانائی، صنعت اور سماجی شعبوں کی ترقی کا محرک سمجھا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آئیوری کوسٹ نے آبی وسائل کے مربوط انتظام کو اپنی ماحولیاتی پالیسی کا ایک بنیادی ستون بنا دیا ہے۔ دو روزہ فورم میں پالیسی ساز، ماہرین، تکنیکی و مالیاتی شراکت دار، سول سوسائٹی کی تنظیموں کے نمائندے اور نجی شعبے کے افراد شرکت کریں گے۔