اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان کی تاریخ کے بڑے مالیاتی فراڈ آئی ایس ایم مارٹ گروپ سکینڈل میں عوامی مفاد کے تحفظ کی جانب ایک اور فیصلہ کن کامیابی حاصل کرتے ہوئے متاثرین کو رقوم کی واپسی کا عمل شروع کر دیا ہے۔ نیب اسلام آباد/راولپنڈی کی موثر اور پیشہ ورانہ کارروائی کے نتیجے میں اب تک ایک ارب روپے کی ریکوری مکمل کی جا …
آئی ایس ایم مارٹ گروپ سکینڈل میں نیب کی بڑی کامیابی، 3,400 متاثرین میں 60 کروڑ روپے تقسیم
اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان کی تاریخ کے بڑے مالیاتی فراڈ آئی ایس ایم مارٹ گروپ سکینڈل میں عوامی مفاد کے تحفظ کی جانب ایک اور فیصلہ کن کامیابی حاصل کرتے ہوئے متاثرین کو رقوم کی واپسی کا عمل شروع کر دیا ہے۔ نیب اسلام آباد/راولپنڈی کی موثر اور پیشہ ورانہ کارروائی کے نتیجے میں اب تک ایک ارب روپے کی ریکوری مکمل کی جا چکی ہے جس کے پہلے مرحلے میں 3,400 متاثرین میں 60 کروڑ روپے تقسیم کر دیئے گئے۔نیب ہیڈکوارٹر میں منعقدہ تقریب کے دوران متاثرین میں چیک تقسیم کیے گئے۔ تقریب کی صدارت چیئرمین نیب لیفٹننٹ جنرل (ریٹائرڈ) نذیر احمد نے کی جبکہ ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر، پراسیکیوٹر جنرل احتشام قادر شاہ، ڈی جی نیب وقار احمد چوہان، نیب کے سینئر افسران اور بڑی تعداد میں متاثرین نے شرکت کی۔
نیب ذرائع کے مطابق اس کیس کے مرکزی ملزم نے ای کامرس، ریسٹورنٹس اور ریئل اسٹیٹ جیسے جعلی کاروباروں کی آڑ میں عوام کو غیر حقیقی منافع کا لالچ دے کر اربوں روپے ہتھیا لیے تھے۔ تقریباً 3,400 متاثرین سے مجموعی طور پر 3.5 ارب روپے لوٹے گئے۔ مرکزی ملزم جولائی 2024ء سے نیب کی تحویل میں ہے اور قانونی تقاضوں کے مطابق تفتیش کا عمل تیزی سے جاری ہے۔تحقیقات کے دوران نیب نے ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ان رقوم کا سراغ بھی لگا لیا ہے جو ہنڈی، حوالہ اور کرپٹو کرنسی کے ذریعے متحدہ عرب امارات منتقل کی گئی تھیں۔ بیرون ملک منتقل کی گئی رقوم کی مکمل واپسی کے لیے یو اے ای حکام کے ساتھ تعاون کا عمل جاری ہے۔
اس موقع پر چیئرمین نیب نے نیب اسلام آباد؍راولپنڈی کی تفتیشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیب پر عوام کا اعتماد ہی ہماری اصل طاقت ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مستقبل میں اس نوعیت کے فراڈ سے عوام کو بچانے کے لیے جلد ملک گیر آگاہی مہم شروع کی جائے گی۔ڈی جی نیب اسلام آباد؍راولپنڈی نے اس کامیابی کو سال 2026 کا ’’دوسرا تحفہ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنوری میں بینکر سٹی اور اب آئی ایس ایم مارٹ کے متاثرین کو ریلیف فراہم کرنا نیب کے اس عزم کا مظہر ہے کہ لوٹی گئی رقم ہر صورت متاثرین کو واپس دلائی جائے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آئندہ مراحل میں متاثرین کو رقوم کی ادائیگی آن لائن بینک ٹرانسفر کے ذریعے کی جائے گی تاکہ انہیں دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔تقریب کے اختتام پر چیئرمین نیب نے نیب اسلام آباد/راولپنڈی کی تفتیشی ٹیم میں شیلڈز تقسیم کیں اور ٹیم کے لیے عمرہ پیکیج کا بھی اعلان کیا۔نیب کی یہ کارروائی اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ ادارہ نہ صرف بدعنوانی کے خلاف موثر کارروائی کر رہا ہے بلکہ متاثرین کو ان کی زندگی بھر کی جمع پونجی واپس دلانے کے لیے بھی پوری طرح پرعزم ہے۔









