آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ ای ایف ایف پروگرام کے اہداف میں نظر ثانی ناگزیر ہے، گورنرمرکزی بینک سری لنکا

کولمبو۔13جنوری (اے پی پی):سری لنکا کے مرکزی بینک کے گورنر نندلال ویراسنگھے نے کہا ہے کہ ملک کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کے ساتھ طے شدہ ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (ای ایف ایف) پروگرام کے تحت مقرر اہداف میں نظرثانی کی کوشش کرنی چاہیے۔شنہو اکے مطابق مقامی ٹیلی وژن کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پروگرام کے بینچ مارکس میں ممکنہ تبدیلیوں پر بات چیت رواں ماہ کے …

کولمبو۔13جنوری (اے پی پی):سری لنکا کے مرکزی بینک کے گورنر نندلال ویراسنگھے نے کہا ہے کہ ملک کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کے ساتھ طے شدہ ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (ای ایف ایف) پروگرام کے تحت مقرر اہداف میں نظرثانی کی کوشش کرنی چاہیے۔شنہو اکے مطابق مقامی ٹیلی وژن کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پروگرام کے بینچ مارکس میں ممکنہ تبدیلیوں پر بات چیت رواں ماہ کے آخر میں متوقع ہے جب آئی ایم ایف کا وفد 48 ماہ پر مشتمل ای ایف ایف کے پانچویں جائزے کے لیے کولمبو پہنچے گا۔ اس موقع پر وفد سری لنکا کی پیش رفت کا جائزہ لے گا اور حکومتی حکام سے مشاورت کرے گا۔

گورنر نے کہا کہ غیر متوقع حالات بالخصوص سمندری طوفان ڈِٹواہ کے باعث اہداف میں ردوبدل ناگزیر ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طوفان نے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا اور متعدد اضلاع میں لوگوں کے روزگار کو بری طرح متاثر کیا۔ویراسنگھے نے بتایا کہ سالانہ بجٹ طوفان سے قبل تیار کیا گیا تھا اس لیے اس کے اثرات اور دیگر ابھرتے ہوئے چیلنجز کو آئندہ جائزے میں شامل کیا جانا ضروری ہے۔

واضح رہے کہ آئی ایم ایف نے مارچ 2023 میں سری لنکا کے لیے 48 ماہ کے ای ایف ایف پروگرام کی منظوری دی تھی جس کے تحت ملک کو اقتصادی اصلاحات اور بحالی کے لیے تقریباً 3 ارب امریکی ڈالر فراہم کیے گئے تھے۔