آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کا پشاور کینٹ کا دورہ، نویں محرم الحرام کے جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ
آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کا پشاور کینٹ کا دورہ، نویں محرم الحرام کے جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ

مزید خبریں
پشاور۔ 25 جون (اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذولفقار حمید نے نویں محرم الحرام کے جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کےلیے پشاور صدر بازار اور وہاں واقع حسینیہ ہال امام بارگاہ کے اطراف کا دورہ کیا۔ اس موقع پر چیف کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر میاں محمد سعید اور سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آپریشنز فرہان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
انہوں نے آئی جی پی کو سکیورٹی کے حوالے سے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔آئی جی پی کو بتایا گیا کہ جلوس کے تمام راستوں کو کھوجی کتوں اور بم ڈسپوزل سکواڈ کے ماہرین کے ذریعے مکمل طور پر چیک کرایا گیا ہے جبکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کےلیے جلوس کے راستوں کے ارد گرد موجود بلند عمارتوں پر پولیس اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ پشاور صدر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر بھی پولیس کی بھاری نفری مامور ہے اور جلوس کے تمام راستوں کی نگرانی جدید کیمروں کے ذریعے بھی کی جا رہی ہے۔ آئی جی پی نے تمام انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ سکیورٹی میں کسی بھی قسم کی کمی یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
دورے کے دوران آئی جی پی نے موقع پر موجود عمائدین سے ملاقات اور بات چیت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس محرم الحرام کے حوالے سے تمام جلوسوں اور مجالس کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنا رہی ہے، اس سلسلے میں عمائدین اور تاجر برادری کا تعاون پولیس کےلیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اس سے انتظامات میں آسانیاں پیدا ہوتی ہیں۔ بعد ازاں آئی جی پی نے کینٹونمنٹ بورڈ پشاور کے کیمرہ کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور وہاں سے تمام راستوں اور سکیورٹی کی صورتحال کا کیمروں کی مدد سے خود جائزہ لیا۔
میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پی خیبر پختونخوا ذولفقار حمید نے کہا کہ محرم الحرام کا مہینہ ہمیں ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا پولیس صوبے کے عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف برسرِ پیکار ہے اور اس عظیم مقصد کے لیے پولیس اب تک بیش بہا قربانیاں پیش کر چکی ہے۔
انہوں نے سکیورٹی کے حجم کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر میں تمام جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کےلیے پچاس ہزار جبکہ صرف صوبائی دارالحکومت پشاور میں بارہ ہزار پولیس افسران و اہلکار اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ آئی جی پی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگرچہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے لیکن انشااللہ پولیس اور عوام مل کر محرم الحرام کا پرامن انعقاد یقینی بنائیں گے اور شہریوں کو بہترین سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔








