آئی سی سی انڈر 19مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر سکس مرحلہ، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی

لاہور۔27جنوری (اے پی پی):آئی سی سی انڈر 19مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے سپر سکس گروپ 2 کے میچ میں پاکستان انڈر 19ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ انڈر 19 کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ہرارے میں کھیلے گئے اس میچ میں عبدالصبحان کی تباہ کن باولنگ اور سمیع منہاس کی شاندار ناقابل شکست اننگز پاکستان کی کامیابی کی بنیاد بنی۔پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے …

لاہور۔27جنوری (اے پی پی):آئی سی سی انڈر 19مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے سپر سکس گروپ 2 کے میچ میں پاکستان انڈر 19ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ انڈر 19 کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ہرارے میں کھیلے گئے اس میچ میں عبدالصبحان کی تباہ کن باولنگ اور سمیع منہاس کی شاندار ناقابل شکست اننگز پاکستان کی کامیابی کی بنیاد بنی۔پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو مکمل طور پر درست ثابت ہوا۔

پاکستانی باولرز نے ابتدا ہی سے کیوی بیٹنگ لائن کو دبا میں رکھا اور نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 28.3 اوورز میں صرف 110 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ دائیں ہاتھ کے فاسٹ باولر عبدالصبحان نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے چار وکٹیں صرف 11رنز کے عوض حاصل کیں اور تین میڈن اوورز بھی کرائے، جس پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

علی رضا نے بھی عمدہ سپورٹ فراہم کرتے ہوئے 36 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مجموعی طور پر پاکستان کی جانب سے پانچ میڈن اوورز کرائے گئے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ہیوگو بوگ نے کچھ مزاحمت دکھاتے ہوئے 27 گیندوں پر 39 رنز اسکور کیے، تاہم دیگر بیٹرز پاکستانی بالنگ کے سامنے بے بس نظر آئے۔

ایک موقع پر نیوزی لینڈ کا اسکور 59رنز پر ایک وکٹ تھا لیکن اس کے بعد مسلسل وکٹیں گرنے سے ٹیم 67رنز پر سات کھلاڑیوں سے محروم ہو گئی اور دوبارہ میچ میں واپسی ممکن نہ ہو سکی۔جواب میں پاکستان انڈر 19نے ہدف کا تعاقب نہایت اعتماد کے ساتھ کیا اور صرف 17.1اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز بنا کر میچ اپنے نام کر لیا۔

اوپننگ بیٹر سمیع منہاس نے ایک مرتبہ پھر شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 59گیندوں پر ناقابل شکست 76رنز اسکور کیے، جس میں 10چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ ابتدائی وکٹ جلد گرنے کے بعد سمیع نے اننگز کو سنبھالا اور عثمان خان کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 67رنز کی اہم شراکت قائم کی۔

پاکستان کی یہ فتح نہ صرف یکطرفہ رہی بلکہ ٹیم نے 197گیندیں باقی رہتے ہوئے ہدف حاصل کیا، جو انڈر 19ورلڈ کپ میں ایک متاثر کن کامیابی سمجھی جا رہی ہے۔

اس فتح کے بعد پاکستان انڈر 19ٹیم بدھ کو بلاوایو روانہ ہوگی جہاں وہ اپنا دوسرا سپر سکس میچ یکم فروری کو کوئنز اسپورٹس کلب میں روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی۔ میچ کا آغاز مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 30 منٹ پر ہوگا۔

مزید خبریں