آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ، بھارت اور آسٹریلیا کی اپنے میچوں میں بھاری مارجن سے فتوحات

بلوم فونٹین۔کمبرلی۔25جنوری (اے پی پی):آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں بھارت اور آسٹریلیا نے اپنے میچز بھاری مارجن سے جیت لئے، بھارت انڈر 19 نے آئرلینڈ کو 201 رنز اور آسٹریلیا نے زمبابوے کو 225 رنز سے شکست دے کر اپنے گروپس میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی۔ جمعرات کو بلوم فونٹین میں کھیلے گئے انڈر 19 ورلڈ کپ کے 15ویں میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے …

بلوم فونٹین۔کمبرلی۔25جنوری (اے پی پی):آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں بھارت اور آسٹریلیا نے اپنے میچز بھاری مارجن سے جیت لئے، بھارت انڈر 19 نے آئرلینڈ کو 201 رنز اور آسٹریلیا نے زمبابوے کو 225 رنز سے شکست دے کر اپنے گروپس میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی۔

جمعرات کو بلوم فونٹین میں کھیلے گئے انڈر 19 ورلڈ کپ کے 15ویں میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 301 رنز بنائے، مشیر خان نے شاندار سنچری سکور کی، انہوں نے 4 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 118 اور کپتان ادے سہارن نے 75 رنز کی اننگز کھیلی۔ آئرش بائولر اولیور ریلے نے تین، جون میک نیلے نے دو اور فن لوٹن نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

بھارت کے 302 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں آئرش ٹیم 29.4 اوورز میں 100 رنز پر ہی ڈھیرہوگئی، ڈینیل فورکن 27 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی، اولیور ریلے 15، ریان ہنٹر 13 اور جورڈن نیل 11 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، بھارت کی طرف سے نمان تیواری نے 4 وکٹیں حاصل کیں، سمے پاندے نے 3 جبکہ دنوش گوڈا، ابھیشک اور سہارن نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ مشیر خان کو شاندار سنچری پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے 16ویں میچ میں آسٹریلیا انڈر 19 نے زمبابوے کو 225 رنز سے شکست دی۔ آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 296 رنز بنائے، ہیری ڈکسن 89، کپتان ہیوج ویبگین 68 ، ٹام کیمبل 47 اور سیم کوسٹاس 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ زمبابوین بائولرز ریان سمبی، سنگورو اور میتھیو نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ آسٹریلیا کے 297 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوین ٹیم 23.2 اوورز میں 71 رنز پر ہی آئوٹ ہوگئی، رونک پٹیل 36 رنز کے ساتھ بلے باز نمایاں رہے۔

آسٹریلیا کے ہرکیرت باجوہ نے 15 رنز کے عوض 4 اہم وکٹیں حاصل کیں۔ ہیری ڈکسن کو شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس فتح کے بعد آسٹریلیا گروپ سی میں ٹاپ پوزیشن پر آگئی ہے جبکہ بھارتی ٹیم نے گروپ اے میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

مزید خبریں