آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ نے کرکٹ میں بدعنوانیوں کے خلاف تحقیقات کے دائرہ کار بڑھانے اور اس کے خاتمے کیلئے انٹرپول سے ہاتھ ملا لیا

دبئی ۔ 3 اپریل (اے پی پی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اینٹی کرپشن یونٹ نے کرکٹ میں بدعنوانیوں کے خلاف تحقیقات کے دائرہ کار بڑھانے اور اس کے خاتمے کیلئے انٹرپول سے ہاتھ ملا لیا۔ انٹرپول ایک تنظیم ہے جو دنیا بھر میں پولیس کو تعاون کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ دونوں ایجنسیاں دنیا بھر میں منظم جرائم نیٹ ورکس کے خلاف معلومات پر تبادلہ خیال کریں گی۔ …

دبئی ۔ 3 اپریل (اے پی پی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اینٹی کرپشن یونٹ نے کرکٹ میں بدعنوانیوں کے خلاف تحقیقات کے دائرہ کار بڑھانے اور اس کے خاتمے کیلئے انٹرپول سے ہاتھ ملا لیا۔ انٹرپول ایک تنظیم ہے جو دنیا بھر میں پولیس کو تعاون کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ دونوں ایجنسیاں دنیا بھر میں منظم جرائم نیٹ ورکس کے خلاف معلومات پر تبادلہ خیال کریں گی۔ اس بات کا فیصلہ گزشتہ ہفتے فرانس میں اے سی یو جنرل مینجر ایلکس مارشل اور انٹر پول آفیسرز کے درمیان ملاقات میں کیا گیا۔ مارشل نے اپنے بیان میں کہا کہ آئی سی سی کے کئی ممالک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں لیکن انٹرپول کے ساتھ مل کر کام کرنے کا مطلب ہے کہ ہم 194 ممبرز کے ساتھ منسلک ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا فوکس بدعنوانی کی روک تھام کیلئے کھلاڑیوں کو تعلیم دینا ہے اور اس بارے انٹرپول کا وسیع نیٹ ورک مددگار ثابت ہو گا، ہماری تحقیقات میں جہاں بھی مجرمانہ جرائم کا ارتکاب ہو گا ہم متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس بارے آگاہ کریں گے اور اس سلسلے میں انٹرپول ایک اہم پارٹنر ہے۔ انٹرپول کریمنل نیٹ ورکس یونٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جوز ڈی گراسیا نے کہا کہ کھیل سے کرپشن کے خاتمے کیلئے آئی سی سی کی مدد کرنے پر خوشی ہو گی، کھیل لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتے ہیں لیکن جرائم پیشہ لوگ بڑے منافع کیلئے اس کی سالمیت اور شفافیت کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

Leave a Reply