آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں کل نبرد آزما ہوں گی

154
World Cup,

نئی دہلی۔24اکتوبر (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی )کے زیر اہتمام آئی سی سی مینز ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں کل(بدھ کو)ایک میچ کھیلا جائے گا، جس میں آسٹریلیا اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

یہ میچ میگا ایونٹ کا 24واں میچ ہوگا اور دن 1 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام بھارت میں جاری آئی سی سی مینز ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کا 13واں ایڈیشن جاری ہے جس میں شائقین کرکٹ کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں ۔

میگا ایونٹ میں (کل )بدھ کو ایک میچ کھیلا جائے گا جس میں آسٹریلیا اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں ارون جیٹلی سٹیڈیم، دہلی کے مقام پر پنجہ آزمائی کریں گی ۔ میچ دن 1 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔ میگا ایونٹ میں آسٹریلیا اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں چار ،چار میچ کھیل چکی ہیں جن میں کینگروز دو میچ جیتے اور دو ہارے ہیں۔

اسی طرح نیدرلینڈز کی ٹیم تین میچ ہار چکی ہے جبکہ اس کو ایک میچ میں فتح حاصل ہوئی ہے۔ میگا ایونٹ کے ٹیبل پوائنٹس پر آسٹریلیا کی ٹیم 4 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے ۔ نیدرلینڈز کی ٹیم 2 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہے۔ آسٹریلوی ٹیم کو مایہ ناز آل رائونڈر پیٹ کمنز لیڈ کر رہے ہیں جبکہ نیدرلینڈز کی ٹیم کو سکاٹ ایڈورڈز لیڈ کر رہے ہیں۔