آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے افتتاحی ویک اینڈ نے دنیا بھر کے شائقین کو اپنی جانب متوجہ کر لیا، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر شاندار رسپانس دیکھنے میں آیا

کولمبو۔10فروری (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے افتتاحی ویک اینڈ نے دنیا بھر کے شائقین کو اپنی جانب متوجہ کر لیا، جہاں اسٹیڈیمز تماشائیوں سے بھرے رہے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر شاندار رسپانس دیکھنے میں آیا۔ بھارت اور سری لنکا میں کھیلے گئے ابتدائی چھ میچز کے بعد آئی سی سی کے تمام ڈیجیٹل چینلز پر مصروفیت میں 2024 کے ٹورنامنٹ کے ابتدائی …

کولمبو۔10فروری (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے افتتاحی ویک اینڈ نے دنیا بھر کے شائقین کو اپنی جانب متوجہ کر لیا، جہاں اسٹیڈیمز تماشائیوں سے بھرے رہے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر شاندار رسپانس دیکھنے میں آیا۔ بھارت اور سری لنکا میں کھیلے گئے ابتدائی چھ میچز کے بعد آئی سی سی کے تمام ڈیجیٹل چینلز پر مصروفیت میں 2024 کے ٹورنامنٹ کے ابتدائی دنوں کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

آئی سی سی کے مطابق مختلف پلیٹ فارمز پر ویڈیو ویوز کی تعداد 647 ملین تک پہنچ گئی، جو گزشتہ ایونٹ کے مقابلے میں 53 فیصد زیادہ ہے۔ آئی سی سی ایپ کے صارفین میں 83 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ویب سائٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد میں بھی 16 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ڈیجیٹل گروتھ میں سب سے نمایاں اضافہ فل ممبر ممالک سے باہر کے شائقین میں دیکھا گیا۔ نیپال، جس نے اتوار کو گروپ سی کے میچ میں انگلینڈ کو سخت مقابلہ دیا، صارفین میں اضافے کے لحاظ سے سرفہرست رہا، جہاں نیپال سے آنے والے صارفین کی تعداد میں حیران کن طور پر 442 فیصد اضافہ ہوا۔

اسی طرح متحدہ عرب امارات سے صارفین میں 196 فیصد اور امریکا سے 49 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو ٹورنامنٹ کے عالمی سطح پر کرکٹ کے فروغ کی عکاسی کرتا ہے۔اسٹیڈیم میں حاضری کے حوالے سے ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں بھارت اور امریکا کے درمیان کھیلا گیا میچ شائقین کو متوجہ کرنے والا رہا، جہاں 24,997 تماشائی موجود تھے۔ باقی پانچ میں سے چار میچز میں 15 ہزار سے زائد شائقین نے اسٹیڈیم کا رخ کیا۔ٹکٹوں کی قیمتوں میں بہتری، آسان دستیابی اور میچ شیڈول کے بروقت اعلان نے بھی گروپ اسٹیج میں شائقین کی بڑی تعداد کو اسٹیڈیمز تک لانے میں اہم کردار ادا کیا۔

افتتاحی ویک اینڈ کے دوران مجموعی حاضری 107,781 رہی، جبکہ اس سے قبل وارم اپ میچز میں بھارت بمقابلہ جنوبی افریقہ کو 43 ہزار اور بھارت اے بمقابلہ امریکا کے میچ کو 5 ہزار شائقین نے دیکھا تھا۔آن لائن اسٹریمنگ کے شعبے میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں ICC.tv پر مجموعی ویوز میں 296 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ منفرد صارفین کی تعداد 192 فیصد بڑھ گئی۔

آئی سی سی کی جانب سے ٹورنامنٹ کو اب تک کا سب سے زیادہ قابلِ رسائی ایونٹ بنانے کی حکمت عملی کامیاب رہی، جس کے نتیجے میں جاپان، جرمنی، جنوبی کوریا، فرانس، ملائیشیا، اٹلی اور نیدرلینڈز جیسے غیر روایتی کرکٹ ممالک سے آنے والی ویوز اب ICC.tv کے مجموعی ویوز کا ایک چوتھائی سے زائد حصہ بن چکی ہیں۔

اس ڈیجیٹل کامیابی میں پہلی بار غیر انگریزی کمنٹری کے آغاز نے بھی اہم کردار ادا کیا، جہاں انگلینڈ بمقابلہ نیپال میچ کی نیپالی کمنٹری اور بھارت بمقابلہ امریکا میچ کی ہندی کمنٹری سب سے زیادہ دیکھی جانے والی اسٹریمنگز میں شامل رہیں۔

مزید خبریں