ئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے شاندار آغاز کے سلسلے میں لندن کے تاریخی واٹر لو برج کو پہلی مرتبہ کرکٹ پچ میں تبدیل کر دیا گیا،
آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ، لندن کے تاریخی واٹر لو برج کو کرکٹ پچ میں تبدیل کر دیا گیا

مزید خبریں
لاہور۔7جون (اے پی پی):آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے شاندار آغاز کے سلسلے میں لندن کے تاریخی واٹر لو برج کو پہلی مرتبہ کرکٹ پچ میں تبدیل کر دیا گیا، جہاں ٹورنامنٹ میں شریک تمام 12 ٹیموں کی کپتانوں نے ایک منفرد تقریب کیپٹنز کارنیول میں شرکت کی۔
اس موقع پر واٹر لو برج پر خصوصی طور پر تیار کی گئی کرکٹ پچ پر دنیا کی بہترین خواتین کرکٹرز نے کرکٹ سرگرمیوں اور مداحوں کے ساتھ مختلف پروگراموں میں حصہ لیا۔ بگ بین، لندن آئی اور سینٹ پالز کیتھیڈرل کے پس منظر میں ہونے والی یہ تقریب ویمنز کرکٹ کی تاریخ کے یادگار لمحات میں شمار کی جا رہی ہے۔تقریب میں انگلینڈ، بھارت، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، آئرلینڈ، نیدرلینڈز، نیوزی لینڈ، پاکستان، اسکاٹ لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی کپتانوں نے شرکت کی۔کپتان ایک روایتی ڈبل ڈیکر بس کے ذریعے تقریب میں پہنچیں، جبکہ نوجوان کھلاڑیوں اور شائقین کے لیے اسٹریٹ کرکٹ، تفریحی سرگرمیوں اور ثقافتی پروگراموں کا بھی اہتمام کیا گیا۔آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے کہا کہ یہ خواتین کرکٹ کے لیے ایک تاریخی لمحہ اور آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے جوش و خروش بڑھانے کا بہترین طریقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی خواتین کرکٹ کو مزید عالمی سطح پر فروغ دینے اور کھیل کو زیادہ جامع بنانے کے لیے پرعزم ہے۔آئی سی سی ڈائریکٹر اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رچرڈ تھامسن نے کہا کہ لندن کے ایک عالمی شہرت یافتہ مقام پر تمام 12 کپتانوں کو ایک ساتھ کرکٹ کھیلتے دیکھنا خواتین کرکٹ کی ترقی کا واضح ثبوت ہے،یہ ٹورنامنٹ خواتین کرکٹ کی تاریخ کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا اور سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والا عالمی ایونٹ ثابت ہوگا۔آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کا آغاز 12 جون کو برمنگھم کے ایجبسٹن اسٹیڈیم میں میزبان انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان میچ سے ہوگا، جبکہ فائنل 5 جولائی کو لارڈز کرکٹ گرائونڈ لندن میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے میچز مانچسٹر، لیڈز، سائوتھمپٹن، برسٹل اور لندن سمیت انگلینڈ اور ویلز کے مختلف شہروں میں منعقد ہوں گے۔آئی سی سی کے مطابق ٹورنامنٹ شروع ہونے سے قبل ہی تقریبا دو لاکھ ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں، جو خواتین ٹی20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ ہے۔








