آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ، ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی
آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ، ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی
لاہور۔14جون (اے پی پی):ویسٹ انڈیز کی وکٹ کیپر بلے باز شیمین کیمبل نے شاندار ناقابلِ شکست90 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ میں سات وکٹوں سے یادگار فتح دلا دی۔ساتھمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے163 رنز کا ہدف آخری اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کیا،جو آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کی تاریخ کا دوسرا بڑا کامیاب رن چیز ہے۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں6 وکٹوں کے نقصان پر162 رنز بنائے۔ بروک ہالیڈے40 اور ازی گیز39 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں جبکہ میڈی گرین نے22 گیندوں پر ناقابلِ شکست35 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے عالیہ ایلین نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے27 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کا آغاز کچھ خاص نہ تھا اور کیانا جوزف رن آئوٹ ہو گئیں،تاہم کپتان ہیلی میتھیوز اور شیمین کیمبل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو سنبھالا۔میتھیوز48 رنز بنا کر آئوٹ ہوئیں لیکن کیمبل نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور اپنی پہلی ٹی20 انٹرنیشنل نصف سنچری کو یادگار اننگز میں تبدیل کر دیا۔کیمبل نے62 گیندوں پر90 ناٹ آئوٹ رنز بنائے جس میں7 چوکے اور3 چھکے شامل تھے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے متعدد کیچز ڈراپ کئے گئے اور اسٹمپنگ کے مواقع بھی ضائع ہوئے،جس کا خمیازہ ٹیم کو شکست کی صورت میں بھگتنا پڑا۔نیوزی لینڈ کی کپتان امیلیا کیر کا 100واں ٹی20 انٹرنیشنل میچ بھی شکست کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔









