آئی سی سی ویمن ٹی 20 ورلڈ کپ کے مکمل شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے بعد انگلینڈ اور ویلز میں منعقد ہونے والے اس عالمی میگا ایونٹ کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہوگئیں

کینیڈی۔24فروری (اے پی پی):آئی سی سی ویمن ٹی 20 ورلڈ کپ کے مکمل شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے بعد انگلینڈ اور ویلز میں منعقد ہونے والے اس عالمی میگا ایونٹ کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔ نیپال میں کھیلے گئے کوالیفائر مرحلے کے اختتام پر بنگلہ دیش، آئرلینڈ، نیدرلینڈز اور اسکاٹ لینڈ نے بھی ایونٹ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، جس کے …

کینیڈی۔24فروری (اے پی پی):آئی سی سی ویمن ٹی 20 ورلڈ کپ کے مکمل شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے بعد انگلینڈ اور ویلز میں منعقد ہونے والے اس عالمی میگا ایونٹ کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔ نیپال میں کھیلے گئے کوالیفائر مرحلے کے اختتام پر بنگلہ دیش، آئرلینڈ، نیدرلینڈز اور اسکاٹ لینڈ نے بھی ایونٹ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، جس کے ساتھ ہی 12 ٹیموں کی لائن اپ مکمل ہو گئی ہے۔

میزبان انگلینڈ کے ہمراہ آسٹریلیا، بھارت، پاکستان، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز پہلے ہی ایونٹ میں جگہ بنا چکی تھیں، جبکہ حالیہ کوالیفائر کے بعد چار نئی ٹیموں کی شمولیت نے مقابلوں کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔ گروپ ایک میں آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، بھارت، پاکستان، بنگلہ دیش اور نیدرلینڈز شامل ہیں، جبکہ گروپ دو میں ویسٹ انڈیز، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، سری لنکا، آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کو رکھا گیا ہے۔

ٹورنامنٹ کا آغاز 12 جون کو برمنگھم میں انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان میچ سے ہوگا۔ گروپ مرحلے کا سب سے نمایاں مقابلہ 20 جون کو لیڈز کے ہیڈنگلے گراؤنڈ میں انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، جو انگلش سرزمین پر کسی بھی ویمنز یا مینز ورلڈ کپ میں دونوں ٹیموں کا پہلا باہمی ٹاکرا ہوگا۔آئرلینڈ اپنی مہم کا آغاز 13 جون کو مانچسٹر میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف کرے گا، جبکہ بنگلہ دیش کو گروپ مرحلے میں آسٹریلیا اور بھارت جیسے مضبوط حریفوں کا سامنا کرنا ہوگا۔

نیدرلینڈز پہلی مرتبہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کر رہا ہے اور وہ عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لیے پُرعزم ہے۔پاکستان ویمنز ٹیم گروپ ایک میں اپنے میچز کھیلے گی اور اسے بھارت، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ سمیت مضبوط ٹیموں کا سامنا ہوگا۔ شیڈول کے مطابق پاکستان 14 جون کو بھارت کے خلاف ایجبسٹن میں میچ کھیلے گا، جبکہ 17 جون کو جنوبی افریقہ، 20 جون کو بنگلہ دیش، 23 جون کو آسٹریلیا اور 27 جون کو نیدرلینڈز کے مدمقابل آئے گا۔

ایونٹ کے سیمی فائنلز 30 جون اور 2 جولائی کو دی اوول میں کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل 5 جولائی کو لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں منعقد ہوگا۔ 24 دنوں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 33 میچز انگلینڈ اور ویلز کے سات بڑے میدانوں میں کھیلے جائیں گے۔آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا کا کہنا ہے کہ یہ شیڈول جاری ہونا خواتین کرکٹ کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے اور عالمی سطح پر کھیل کے فروغ کی جانب ایک اور مضبوط قدم ہے۔

ٹورنامنٹ ڈائریکٹر بیتھ بیریٹ وائلڈ کے مطابق یہ ایونٹ نہ صرف اعلیٰ معیار کی کرکٹ پیش کرے گا بلکہ شائقین کو ناقابلِ فراموش لمحات بھی فراہم کرے گا۔اسکاٹ لینڈ کی کپتان کیتھرین برائس، آئرلینڈ کی کپتان گیبی لوئس، بنگلہ دیش کی کپتان نگار سلطانہ جوتی اور نیدرلینڈز کی کپتان بیبیٹ ڈی لیڈے نے بھی ورلڈ کپ میں شرکت کو اپنے ممالک کے لیے تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے عمدہ کارکردگی کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

ٹکٹوں کی فروخت جاری ہے اور اہم مقابلوں کے لیے شائقین میں بھرپور دلچسپی پائی جا رہی ہے۔ دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی، جبکہ دیگر عالمی طاقتیں بھی ٹائٹل کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گی۔ یہ ٹورنامنٹ خواتین کرکٹ کی تیز رفتار ترقی کا ایک اور اہم سنگ میل ثابت ہونے کی توقع ہے۔