آئی سی ٹی پولیس کی ’ہتھیاروں سے پاک اسلام آباد‘ مہم میں 6 خودکار بندوقیں ضبط، ملزم گرفتار

اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے اسلام آباد میں جاری ہتھیاروں سے پاک مہم کے تحت ایک بڑی کارروائی کے دوران ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر کے 6 خودکار بندوقیں، ایک نائن ایم ایم پستول اور بڑی مقدار میں گولہ بارود برآمد کر لیا۔آئی سی ٹی پولیس کے ترجمان نے ہفتہ کو اے پی پی کو بتایا کہ بنی گالہ پولیس نے غیر قانونی اسلحہ کے …

اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے اسلام آباد میں جاری ہتھیاروں سے پاک مہم کے تحت ایک بڑی کارروائی کے دوران ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر کے 6 خودکار بندوقیں، ایک نائن ایم ایم پستول اور بڑی مقدار میں گولہ بارود برآمد کر لیا۔آئی سی ٹی پولیس کے ترجمان نے ہفتہ کو اے پی پی کو بتایا کہ بنی گالہ پولیس نے غیر قانونی اسلحہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد طارق کو اسلحہ رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔

پولیس نے اس کے قبضے سے کلاشنکوف قسم کی 6خودکار بندوقیں، ایک نائن ایم ایم پستول اور بڑی مقدار میں گولہ بارود برآمد کیا ہے۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) آپریشنز قاضی علی رضا نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی وفاقی دارالحکومت میں غیر قانونی اسلحہ اور اسلحے کی نمائش کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی خصوصی ٹیمیں غیر قانونی اسلحہ رکھنے میں ملوث افراد کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کر رہی ہیں۔

ایس ایس پی نے کہا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) اسلام آباد کی ہدایت پر دارالحکومت بھر میں اسلحہ سے پاک اسلام آباد مہم کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وفاقی دارالحکومت کو غیر قانونی ہتھیاروں سے پاک رکھنے کی کوششوں کے تحت غیر قانونی اسلحے کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔