آئی سی ٹی پولیس کی 10 روزہ مہم میں 190 مفرور، اشتہاری اور عادی مجرم گرفتار

آئی سی ٹی پولیس کی 10 روزہ مہم میں 190 مفرور، اشتہاری اور عادی مجرم گرفتار

اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی):اسلام آباد کیپیٹل ٹیرٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے وفاقی دارالحکومت میں مطلوب مجرموں کے خلاف ایک بڑی مہم کے دوران ستمبر کے ابتدائی 10 دنوں میں عدالت سے مفرور، اشتہاری اور عادی مجرموں سمیت 190 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس حکام نے ہفتے کے روز اے پی پی کو بتایا کہ گرفتار ملزمان مختلف جرائم اور فوجداری مقدمات کے سلسلے میں پولیس کو مطلوب تھے۔

انہوں نے کہا کہ اشتہاری، عدالتی مفرور اور عادی مجرموں کا سراغ لگانے اور انہیں گرفتار کرنے کے لیے اسلام آباد بھر میں ٹارگٹڈ کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ایس ایس پی (آپریشنز) قاضی علی رضا نے کہا کہ مجرمانہ عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی جاری رہے گی اور مطلوب مجرموں کی گرفتاری یقینی بنانے کے لیے تمام تر کوششیں کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اشتہاری مجرموں کو پکڑنے کے لیے مختلف علاقوں میں تلاشی اور کومبنگ آپریشنز (چھان بین کی کارروائیوں) اور نگرانی کے دائرہ کار کو مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔

قاضی علی رضا نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور جرائم کی روک تھام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جرائم کے خلاف ‘زیرو ٹالرنس’ (عدم برداشت) کی پالیسی کے تحت مجرمانہ عناصر کے خلاف کارروائی بلا تفریق جاری رہے گی۔