ایس آئی ایف سی نے تونسہ ہائیڈرو پاور کے طویل عرصے سے زیر التوا معاملہ کے حل میں سہولت فراہم کی
ایس آئی ایف سی نے تونسہ ہائیڈرو پاور کے طویل عرصے سے زیر التوا معاملہ کے حل میں سہولت فراہم کی

مزید خبریں
اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی):خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ( ایس آئی ایف سی) نے پنجاب میں 135 میگاواٹ کے تونسہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی فزیبلٹی سٹڈی کی لاگت کی واپسی سے متعلق ایک دہائی پرانے معاملے کو حل کرنے میں سہولت فراہم کی ہے۔ اس اقدام نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے ایک اعلیٰ سطحی سہولت کاری پلیٹ فارم کے طور پر کونسل کی افادیت کو مزید اجاگر کیا ہے۔
ہفتہ کو یہاں جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق، چائنا تھری گورجز ساؤتھ ایشیا انویسٹمنٹ لمیٹڈ (سی ایس اے آئی ایل ) نے اس طویل عرصے سے زیر التوامعاملے کو کامیابی سے حل کرنے میں غیر معمولی تعاون اور سہولت کاری فراہم کرنے پر ایس آئی ایف سی کا شکریہ اداکیا ہے۔سی ایس اے آئی ایل نے اپنے تعریفی خط میں ایس آئی ایف سی کی فعال شمولیت اور متعلقہ وفاقی و صوبائی فریقین (سٹیک ہولڈرز) کے درمیان موثر رابطہ کاری کا اعتراف کیا، جس سے اس دیرینہ مسئلے کو کامیابی سے انجام تک پہنچانے میں مدد ملی۔
اس حل نے حکومتِ پنجاب کے متعلقہ فیصلوں پر عمل درآمد کی راہ ہموار کی ہے اور ایک ایسے مسئلے پر نمایاں پیش رفت کی نشاندہی کی ہے جو طویل عرصے سے التواکا شکار تھا۔سی ایس اے آئی ایل نے متعلقہ سرکاری فریقین کے درمیان تعمیری رابطے کو آسان بنانے اور پراجیکٹ پر اثر انداز ہونے والے ایک اہم معاملے کو حل کرنے میں ایس آئی ایف سی کے کردار کو سراہا۔ کمپنی نے اس بات کا ذکر کیا کہ یہ کامیاب حل بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے ایک اعلیٰ سطحی سہولت کاری پلیٹ فارم کے طور پر ایس آئی ایف سی کے کردار کی عکاسی کرتا ہے، جو سرمایہ کاری سے متعلق پیچیدہ اور دیرینہ مسائل کو حل کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو یکجا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔کمپنی نے اپنے خط میں مزید تسلیم کیا کہ ایس آئی ایف سی کی ادارہ جاتی رابطہ کاری اور فوری ردعمل نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اس بات کی دوبارہ تصدیق کی کہ جائز اور دیرینہ معاہداتی معاملات کو مربوط ادارہ جاتی رابطے کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔
یہ کامیاب پیش رفت چین کے ساتھ پاکستان کے سرمایہ کاری تعلقات کے لیے بھی اہمیت کی حامل ہے، اور چینی سرمایہ کاروں کی سہولت کاری اور حکومت کی زیرِ قیادت موثر میکانزم کے ذریعے سرمایہ کاری سے متعلق جائز خدشات کو دور کرنے کے حوالے سے ملک کے عزم پر اعتماد کو تقویت دیتی ہے۔تونسہ ہائیڈرو پاور کے معاملے میں ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری اس کے وسیع تر مینڈیٹ کو اجاگر کرتی ہے جس کا مقصد سرمایہ کاروں کو متعلقہ سرکاری اداروں سے جوڑنا، رکاوٹوں کو دور کرنا اور سرمایہ کاری سے متعلق مسائل پر مربوط پیروی (فالو اپ) کو یقینی بنانا ہے۔پریس ریلیز میں کہا گیا کہ یہ پیش رفت ایک ایسے ماحول کی تشکیل کے لیے ایس آئی ایف سی کے عزم کو تقویت دیتی ہے جو پیش گوئی کے قابل، فوری ردعمل کا حامل اور سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ہے،اس سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا اور پاکستان کی وسیع تر اقتصادی اور سٹریٹجک شراکت داریوں کو بھی تقویت ملے گی۔







