اسلام آباد۔9نومبر (اے پی پی):پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) کے زیر اہتمام آئی ٹی ایف پاکستان نیشنل فوڈز ورلڈ جونیئر ٹینس چیمپئن شپ جے60 اتوار کوپی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگئی۔ اس بین الاقوامی ایونٹ میں دنیا بھر سے بڑی تعداد میں جونیئر کھلاڑیوں نے شرکت کی جن میں چین، جاپان، قازقستان، کوریا، لیتھوانیا، روس، تھائی لینڈ، ترکی، برطانیہ، چیک جمہوریہ، نیپال اور میزبان …
آئی ٹی ایف پاکستان نیشنل فوڈز ورلڈ جونیئر ٹینس چیمپئن شپ اختتام پذیر ہوگئی

مزید خبریں
اسلام آباد۔9نومبر (اے پی پی):پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) کے زیر اہتمام آئی ٹی ایف پاکستان نیشنل فوڈز ورلڈ جونیئر ٹینس چیمپئن شپ جے60 اتوار کوپی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگئی۔
اس بین الاقوامی ایونٹ میں دنیا بھر سے بڑی تعداد میں جونیئر کھلاڑیوں نے شرکت کی جن میں چین، جاپان، قازقستان، کوریا، لیتھوانیا، روس، تھائی لینڈ، ترکی، برطانیہ، چیک جمہوریہ، نیپال اور میزبان ملک پاکستان کے کھلاڑی شامل تھے۔یہ ایونٹ پاکستان کی معروف فوڈ کمپنی نیشنل فوڈز نے اسپانسر کیا۔
بوائز سنگلز فائنل میں پاکستان کے میکائیل علی بیگ نے حمزہ رومان کو 6-4، 6-4 سے شکست دے کر آئی ٹی ایف J-60 سنگلز ٹائٹل جیت لیا۔ یہ میکائیل علی بیگ کا مسلسل تیسرا ٹائٹل ہے، جو ان کی اور پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔
میکائیل علی بیگ نے تین ہفتوں کے دوران شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل تین ٹائٹلز اپنے نام کیے جس سے ان کی عالمی رینکنگ میں نمایاں بہتری آئے گی ۔بوائزڈبلز فائنل میں پاکستان کے حمزہ رومان اور ابوبکر طلحہ نے پاکستان کے میکائیل علی بیگ اورلیتھوانیا کے کرسٹیوناس کو 6-4، 6-4 سے شکست دے کر آئی ٹی ایف پاکستان J-60 ڈبلز ٹائٹل جیت لیا۔
حمزہ رومان اور ابوبکر طلحہ نے ٹورنامنٹ کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ حمزہ سنگلز ایونٹ کے بھی رنر اپ رہے۔اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابط محی الدین احمد وانی تھے جبکہ صدر پی ٹی ایف اعصام الحق قریشی بطور مہمانِ اعزاز کے طور پر شریک ہوئے۔
انہوں نے سیکرٹری جنرل پی ٹی ایف کرنل ضیاء الدین طفیل کے ہمراہ فاتحین اور رنر اپ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔تقریب میں پی ٹی ایف کے ڈی آئی جی سلیم مروت ، میجر سلیمان جنید ، سید فہیم امام چیف مارکیٹنگ آفیسر سرینا ہوٹلز، پی ٹی ایف کے ڈائریکٹر کرنل گل رحمان ، کھلاڑیوں، والدین، کوچز، صحافیوں اور شائقین ٹینس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پرسیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابط محی الدین احمد وانی نے تمام فاتحین اور رنر اپ کھلاڑیوں کو مبارک باد دی اور بین الاقوامی ایونٹس کے کامیاب انعقاد پر پی ٹی ایف کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے مستقبل میں بھی حکومتی تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔
پی ٹی ایف کے صدر اعصام الحق قریشی نے تین ہفتوں کے دوران کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کی تعریف کی اور میکائیل علی بیگ کو مسلسل تین آئی ٹی ایف ٹائٹلز جیتنے پر مبارک باد دی جبکہ حمزہ اور ابوبکر کو ڈبلز ٹائٹل اپنے نام کرنے پر بھی ان کی کاوشوں کوسراہا۔
انہوں نے کہا کہ نادر مرزا، ابوبکر طلحہ اور اب میکائیل علی بیگ کے سنگلز ٹائٹلز کے ساتھ صرف 6 ماہ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر پانچ آئی ٹی ایف سنگلز ٹائٹلز جیتے ہیں جو پاکستان میں ٹینس کے روشن مستقبل کا ثبوت ہے۔سیکریٹری جنرل پی ٹی ایف کرنل ضیاء الدین طفیل نے بھی تمام کھلاڑیوں اور رنر اپ کو مبارک باد دی اور تین ہفتوں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ سیریز کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کیا۔








