اسلام آباد ٹریفک پولیس کی سہولت وینز سے رواں سال 7 ہزار سے زائد شہریوں نے ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق خدمات حاصل کیں
آئی ٹی پی سہولت وین لائسنس کی خدمات دہلیز پر فراہم کرتی ہیں،رواں سال 7 ہزار سے زیادہ شہریوں کی خدمت کی گئی

مزید خبریں
اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی) کی سہولت وینز نے رواں سال کے دوران 7 ہزار سے زائد شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق خدمات فراہم کی ہیں، لرنر پرمٹ، لائسنس کی تجدید اور دیگر سہولیات وفاقی دارالحکومت کے رہائشیوں کی دہلیز پر فراہم کی گئیں۔
آئی ٹی پی کے حکام نے ہفتہ کو’’ اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ کارکردگی کی رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ 2,900 سے زائد شہریوں نے سہولت کار وینز کے ذریعے لرنر پرمٹ حاصل کیے ہیں۔موبائل سروس نے 2000 سے زائد شہریوں کو ان کے ڈرائیونگ لائسنسوں کی تجدید میں بھی سہولت فراہم کی جبکہ 200 سے زائد ڈپلیکیٹ ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔رپورٹ کے مطابق سہولت وین کے ذریعے 1700 سے زائد ڈرائیونگ ٹیسٹ فارم جاری کیے گئے۔ 200 سے زائد شہریوں کو ڈپلیکیٹ لائسنس اور ٹیسٹ فارم سے متعلق خدمات بھی فراہم کی گئیں۔چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) کائنات اظہر خان نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ اپنے ڈرائیونگ لائسنس جلد از جلد حاصل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ بغیر لائسنس کے گاڑی یا موٹر سائیکل چلانا قانون کے تحت جرم ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی پی اپنی موبائل سہولت سروس کے ذریعے شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کی کوششیں کر رہی ہے۔سی ٹی او نے کہا کہ شہریوں کو بروقت، شفاف اور آسان خدمات کی فراہمی اسلام آباد ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔







