ایران کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کا انتظام ایران ہی چلائے گا۔ اے ایف پی کے مطابق یہ بیان سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے اس بات چیت کے بعد سامنے آیا ہے
آبنائے ہرمز کا انتظام ایران ہی چلائے گا، باقر قالیباف

مزید خبریں
تہران۔24جون (اے پی پی):ایران کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کا انتظام ایران ہی چلائے گا۔ اے ایف پی کے مطابق یہ بیان سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے اس بات چیت کے بعد سامنے آیا ہے جس کا مقصد امریکا ایران جنگ کا خاتمہ ہے۔ سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات کے پہلے دور کے بعد ثالثوں کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ دونوں ممالک نے اہم آبی گزرگاہ کو کھلا رکھنے اور لبنان میں لڑائی کے خاتمے کے لیے مواصلاتی لائن قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔عرب نیوز کے مطابق باقر قالیباف نے مذاکرات سے واپسی کے بعد کہا کہ آبنائے ہرمز کبھی جنگ سے قبل والی صورت حال میں واپس نہیں جائے گی اور بین الاقوامی قانون کے مطابق اس کا انتظام و انصرام ایران کے پاس ہو گا۔
اسی طرح اپنے ٹیلی گرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی وڈیو میں محمد باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ ایران کو سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات میں اچھی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں،میرے خیال میں اس سفر کے اچھے نتائج برآمد ہوئے خصوصاً آبنائے ہرمز اور لبنان کے معاملے پر گفتگو کے علاوہ تیل پر پابندیوں میں نرمی اور منجمد فنڈز کے اجرا سے متعلق اچھی پیش رفت ہوئی ۔ محمد باقر قالیباف نے کہا کہ یقیناً ہمارا ماننا ہے کہ ہم ابھی اس عمل کے ابتدائی مرحلے میں ہیں اور ہمیں اپنی کوششیں جاری رکھنی چاہییں۔ ثالثی کرانے والے ممالک قطر اور پاکستان کی جانب سے بتایا گیا کہ تہران اور واشنگٹن آبی گزرگاہ سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کی محفوظ آمد و رفت کو یقینی بنانے اور کسی ناخوشگوار واقعے یا غلط فہمی سے بچنے کے لیے ایک براہ راست رابطے کا نظام قائم کیا جائے گا۔سمندری ٹریفک پر نظر رکھنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان معاہدہ طے پا جانے کے بعد آبنائے ہرمز کے راستے سمندری ٹریفک کا بہاؤ کافی زیادہ دیکھنے میں آیا۔








