آج سے 27سال قبل 28 مئی 1998 کے تاریخی دن قائد محمدنواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا تھا ، رانا مبشر اقبال

لاہور۔28مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے عوامی امور رانا مبشر اقبال نے یومِ تکبیر کے موقع پر پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج سے 27سال قبل 28 مئی 1998 کے دن قائد محمدنواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا تھا۔وہ خیابان امین میں یوم تکبیر کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ممبران صوبائی اسمبلی، میاں عمران جاوید،رانا …

لاہور۔28مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے عوامی امور رانا مبشر اقبال نے یومِ تکبیر کے موقع پر پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج سے 27سال قبل 28 مئی 1998 کے دن قائد محمدنواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا تھا۔وہ خیابان امین میں یوم تکبیر کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ممبران صوبائی اسمبلی، میاں عمران جاوید،رانا راشد منہاس سمیت مسلم لیگ ن کے کارکنان اور حلقہ کے عوام کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

رانا مبشر اقبال نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان، ڈاکٹر ثمر مبارک منداور تمام سائنسدانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے 5 ارب ڈالر کی پیشکش ٹھکرا کر ایٹمی دھماکے کئے اور پاکستان کا تعارف دنیا میں مثالی بنایا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا ساتواں اور اسلامی دنیا کا پہلا ایٹمی ملک بنا۔رانا مبشر اقبال نے کہا کہ یوم تکبیر کے موقع پر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، یہ دن پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ نواز شریف نے چین کے تعاون سے پاکستان میں جے ایف-17 تھنڈر کی فیکٹری لگوائی، جس کی بدولت آپریشن بنیان مرصوص میں بھارت کو ناکوں چنے چبوائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن کو پیغام دیتا ہوں کہ امن سے زندگی گزاریں، ورنہ اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔ پاکستان نے ہمیشہ دنیا میں امن کا پیغام پہنچایا ہے۔رانا مبشر اقبال نے مزید کہا کہ دنیا میں ہر جگہ دہشت گردی کے پیچھے مودی کا ہاتھ ہوتا ہے، کینیڈا میں ہونے والے قتل میں بھی مودی ملوث ہے۔ دنیا کی کوئی جمہوریت اجازت نہیں دیتی کہ معصوم انسانوں کا خون بہایا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی نے ہمیشہ امن پسندی کا پیغام دیا ہے۔

پہلگام واقعے پر پاکستان نے بھارت سے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا جس پر برطانیہ، بنگلہ دیش اور دنیا کے دیگر ممالک نے پاکستان کا ساتھ دیا۔رانا مبشر اقبال نے کہا کہ شہدا کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا، پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے۔ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے پہلگام واقعے پر حکومت کا بھرپور ساتھ دیا جبکہ مودی کی اپوزیشن جماعتوں نے بھی مودی پر سوالات اٹھائے۔