آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کی امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور نائب وزیراعظم خالد بن محمد العطیہ سے الگ الگ ملاقاتیں

ISPR
ISPR

اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے دورہ قطر کے دوران امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی ، نائب وزیراعظم و وزیر مملکت برائے دفاعی و ریاستی امورخالد بن محمد العطیہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی اور سیکیورٹی تعاون اور علاقائی ماحول پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورہ پر قطر میں ہیں جہاں انہوں نے قطر کی اعلی قیادت سے ملاقاتیں کی ہیں ۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دونوں ممالک دوستانہ تعلقات اور بھائی چارے کے گہرے جذبے کی بے مثال تاریخ رکھتے ہیں، جو ایک پائیدار شراکت داری میں تبدیل ہو ر ہی ہے ۔

دونوں اطراف نے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔معززین نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو بھی سراہا ۔ دونوں برادر ممالک نے بہتر تعلقات کے لیے تعاون جاری رکھنے کا عزم کیا ۔