نیب اور نیشنل فارنزک ایجنسی میں سائنسی بنیادوں پر احتسابی تحقیقات موثر بنانے کے لیے معاہدہ

قومی احتساب بیورو (نیب) اور نیشنل فارنزک ایجنسی (این ایف اے) نے نیب کی تفتیش، تحقیقات اور مقدمات میں جدید فارنزک سائنس کو موثر طور پر شامل کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کو حتمی شکل دے دی ہے

اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):قومی احتساب بیورو (نیب) اور نیشنل فارنزک ایجنسی (این ایف اے) نے نیب کی تفتیش، تحقیقات اور مقدمات میں جدید فارنزک سائنس کو موثر طور پر شامل کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کو حتمی شکل دے دی ہے۔مفاہمتی یادداشت پر نیب ہیڈ کوارٹر میں ڈائریکٹر جنرل آپریشنز نیب امجد مجید اولکھ اور ڈائریکٹر جنرل نیشنل فارنزک ایجنسی جواد احمد ڈوگر نے دستخط کیے۔ اس موقع پر چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد سمیت نیب اور این ایف اے کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔معاہدے کے تحت نیب شواہد کی تحقیقات اور سائنسی تجزیے کے لیے متعلقہ تفتیشی مواد نیشنل فارنزک ایجنسی کو ارسال کرے گا جو مقررہ معیاری عملی طریقہ کار کے تحت مصدقہ فارنزک رپورٹس فراہم کرے گی۔معاہدے کے تحت این ایف اے کے فارنزک ماہرین شواہد پر مبنی مقدمات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ضرورت کے مطابق احتساب عدالتوں اور دیگر مجاز عدالتوں میں اپنی فنی شہادت بھی پیش کریں گے۔مفاہمتی یادداشت میں حساس تفتیشی مواد کے محفوظ استعمال اور رازداری کو یقینی بنانے کے لیے سخت طبعی، ڈیجیٹل اور ضابطہ جاتی پروٹوکول بھی وضع کیے گئے ہیں۔اس کے علاوہ دونوں اداروں کے درمیان موثر رابطہ کاری اور فراہم کی جانے والی فارنزک خدمات کے عوض مالیاتی تصفیے کے واضح طریقہ کار بھی طے کیے گئے ہیں۔ نیب اور این ایف اے کے درمیان یہ تزویراتی شراکت داری قومی احتسابی نظام کو جدید سائنسی خطوط پر استوار کرنے میں معاون ثابت ہوگی جس سے قانونی کارروائی میں طریقہ کار کی پاسداری، سائنسی شواہد کی صحت اور شفافیت کو مزید یقینی بنایا جا سکے گا۔

مزید خبریں