آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام اسکول آف ویژول اینڈ پرفارمنگ آرٹس کے طلبہ کے لیے تقریبِ تقسیمِ اسناد اور پرفارمنس ڈسپلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں تین ماہ کے شارٹ کورس کی تکمیل پر 92 طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں
آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام اسکول آف ویژول اینڈ پرفارمنگ آرٹس کے طلبہ کے لیے تقریبِ تقسیمِ اسنادکا انعقاد
کراچی۔ 13 ستمبر (اے پی پی):آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام اسکول آف ویژول اینڈ پرفارمنگ آرٹس کے طلبہ کے لیے تقریبِ تقسیمِ اسناد اور پرفارمنس ڈسپلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں تین ماہ کے شارٹ کورس کی تکمیل پر 92 طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں، جبکہ طلبہ کے تیار کردہ فن پاروں کی نمائش اور میوزک پرفارمنس بھی پیش کی گئی۔ جاری اعلامیہ کے مطابق صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ نے طلبہ میں اسناد تقسیم کیں۔ تقریب میں کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، تھیٹر اکیڈمی کے خالد احمد، میوزک کمیٹی کے احسن باری، معروف مصور شاہد رسام، جہانزیب شاہ، ذیشان احمد، حماد سمیت طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ شارٹ کورس مکمل کرنے والے طلبہ میں ڈرائنگ کے 7، مصوری کے 14، کیلی گرافی کے 4، گرافک ڈیزائن کے 6، تھیٹر کے 17، ووکل کے 19، کی بورڈ کے 4، آڈیو پروڈکشن کے 6، گٹار کے 11 اور ڈرم کے 4 طلبہ شامل تھے۔اس موقع پر ڈرائنگ، پینٹنگ، کیلی گرافی اور گرافک ڈیزائن کے طلبہ کے تیار کردہ فن پارے ڈسپلے کیے گئے، جو شرکاء کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ محمد احمد شاہ نے کہا کہ تین ماہ کے شارٹ کورس میں طلبہ نے اپنے اپنے شعبۂ دلچسپی میں تربیت حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ شارٹ کورسز کے ساتھ ایگزیکٹو پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے، جس کی کلاسز ہفتہ اور اتوار کو ہوتی ہیں۔ اس پروگرام میں پروفیشنلز، ملازمت پیشہ افراد اور کالجز و جامعات سے وابستہ افراد بھی شرکت کر سکتے ہیں جو کسی نئے ہنر سے آراستہ ہونا چاہتے ہیں۔طلبہ کے لیے یہ سرٹیفکیٹ محض کورس مکمل کرنے کی دستاویز نہیں بلکہ ان کے آگے بڑھنے کے سفر کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے ’’ورلڈ کلچر فیسٹیول‘‘ میں بھی دلچسپی رکھنے والے طلبہ آرٹس کونسل کی ٹیم کے ساتھ کام کر سکتے ہیں، اپنے شعبوں میں ریسرچ کر سکتے ہیں اور فیسٹیول کا حصہ بن سکتے ہیں۔ تقریباً ایک ماہ پر مشتمل فیسٹیول میں دنیا بھر سے فنکار اور پرفارمرز شرکت کریں گے، جبکہ دنیا بھر سے تقریباً چار ہزار فلمیں بھی موصول ہوئی ہیں۔








