ضلع ہرنائی کی تحصیل شاہرگ میں واقع پی ایم ڈی سی کول مائن ایریا نمبر 151 میں زہریلی گیس بھرنے کے باعث زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 4 کانکن جاں بحق جبکہ 5 شدید زخمی ہو گئے۔پولیس اور لیویز ذرائع کے مطابق حادثہ دن کے وقت پیش آیا۔ حادثے کے وقت کان کے اندر مجموعی طور پر 9 کانکن کام کر رہے تھے۔
ہرنائی: شاہرگ کوئلہ کان میں گیس دھماکہ، چار کانکن جاں بحق، پانچ شدید زخمی

مزید خبریں
ہرنائی۔ 13 ستمبر ہرنائی (اے پی پی):ضلع ہرنائی کی تحصیل شاہرگ میں واقع پی ایم ڈی سی کول مائن ایریا نمبر 151 میں زہریلی گیس بھرنے کے باعث زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 4 کانکن جاں بحق جبکہ 5 شدید زخمی ہو گئے۔پولیس اور لیویز ذرائع کے مطابق حادثہ دن کے وقت پیش آیا۔ حادثے کے وقت کان کے اندر مجموعی طور پر 9 کانکن کام کر رہے تھے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی قریبی کوئلہ کانوں میں کام کرنے والے کانکن موقع پر پہنچ گئے اور اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ریسکیو ٹیموں نے کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد 4 کانکنوں کی لاشیں اور 5 زخمی کانکنوں کو ملبے سے نکال لیا۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر شاہرگ سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت کے پیش نظر انہیں مزید علاج کے لیے کوئٹہ کے ٹراما سینٹر ریفر کر دیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے چار کانکنوں کی لاشوں کو قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں *عبید اللہ ولد محمد نبی، خیال محمد ولد گل محمد، خیال زادہ ولد شیر عالم خان اور زاہد علی ولد وزیر زادہ* شامل ہیں۔ جبکہ زخمی ہونے والوں میں *گل زمان ولد محمد زیب، عاقل زادہ ولد امیر زادہ، سعید اللہ ولد فقیر جان، نور بچہ ولد شیر زمان اور نور عالم ولد آدم خان* شامل ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام کانکنوں کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع سوات سے بتایا جاتا ہے۔حادثے کے بعد شاہرگ اور گردونواح میں سوگ کی فضا ہے۔ واقعے کی اطلاع پر محکمہ معدنیات اور لیویز کے اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کان میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔دریں اثنا صوبائی وزیر خوراک حاجی نورمحمد خان دمڑ نے شاہرگ کوئلہ کان میں زہریلی گیس بھرنے سے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور مائنز ڈیپارٹمنٹ کے حکام کو ہدایت کی کہ کوئلہ کانوں میں حادثات روکنے اور سیفٹی اقدامات کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو بچایا جا سکے۔صوبائی وزیر نے شاہرگ کوئلہ کان میں چار کانکنوں کے جاں بحق ہونے پر غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ انہیں جنت الفردوس میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ انہوں نے زخمی کانکنوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی







