بیلاروس کی ٹاپ سیڈڈ ٹینس سٹار اور چار گرینڈ سلام ٹائٹلز کی فاتح آرینا سبالینکا،امریکی ٹینس سٹار جسیکا پیگولا ،امریکا کی ہی ٹینس سٹار کوکو گف اور جاپان کی نامور ٹینس سٹار نائومی اوساکا اپنی فتوحا ت کو برقرار رکھتے ہوئے ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز مقابلوں کے تیسرے رائونڈ میں پہنچ گئیں
آرینا سبالینکا،جسیکاپیگولا ،کوکو گف اور نائومی اوساکا ومبلڈن اوپن ٹینس ویمنز سنگلز کے تیسرے راؤنڈ میں داخل

مزید خبریں
لندن۔2جولائی (اے پی پی):بیلاروس کی ٹاپ سیڈڈ ٹینس سٹار اور چار گرینڈ سلام ٹائٹلز کی فاتح آرینا سبالینکا،امریکی ٹینس سٹار جسیکا پیگولا ،امریکا کی ہی ٹینس سٹار کوکو گف اور جاپان کی نامور ٹینس سٹار نائومی اوساکا اپنی فتوحا ت کو برقرار رکھتے ہوئے ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز مقابلوں کے تیسرے رائونڈ میں پہنچ گئیں جبکہ روس کی ٹینس سٹار میرا الیگزینڈروونا آندریوا اور چین کی شوائی پینگ خواتین کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے رائونڈ میں ہارکر میگا ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔ سپورٹس ویب سائٹ کے مطا بق سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس کے دلچسپ مقابلے آل انگلینڈ لان ٹینس اور کروکٹ کلب کے گراس کورٹ پر جاری ہیں، جس میں شائقین ٹینس کو کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ خواتین کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے رائونڈ میں 28 سالہ بیلاروس کی ٹاپ سیڈڈ ٹینس سٹار اور چار گرینڈ سلام ٹائٹلز کی فاتح آرینا سبالینکا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف امریکی ٹینس کھلاڑی میک کارٹنی کیسلر کو ٹائی بریک پر سٹریٹ سیٹس میں 1-6 اور 6-7(9-11)سے شکست دے کر تیسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا،جہاں بیلاروس کی ٹاپ سیڈڈ فاتح کھلاڑی کا مقابلہ لٹویا کی جیلینااوسٹاپنکو سے ہوگا۔امریکی ٹینس سٹار اور میگا ایونٹ کی فورتھ سیڈڈ جسیکا پیگولا نے بھی دوسری رکاوٹ عبور کرلی ،انہوں نے دوسرے رائونڈ کے میچ میں ہسپانوی حریف کھلاڑی سارا سوریبس ٹورمو کو 6-7(6-8)اور 1-6 سے شکست دی۔امریکا کی ہی ٹینس سٹار کوکوگف نے ارجنٹائن کی حریف کھلاڑی سولانا سیرا کو 3-6، 6-3 اور 6-7(7-10)سے شکست دی۔ ایک اور میچ میں جاپان کی نامور ٹینس سٹار نائومی نے بھی ویمنز سنگلز کا دوسرا میچ جیت لیا ، انہوں نے روسی حریف کھلاڑی ایناستاسیادیمتریوینا گاسانوفا کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 2-6سے پچھاڑ کر تیسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا، جہاں ان کا مقابلہ آسٹریلوی حریف کھلاڑی ڈاریا سرگیئیونا کاساتکینا سے ہوگا۔








