راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے راولپنڈی ڈویژن کی تمام تحصیلوں میں بھرپور صفائی آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔
آر ڈبلیو ایم سی کاعیدالفطر کے موقع پر راولپنڈی ڈویژن کی تمام تحصیلوں میں صفائی کا آغاز

مزید خبریں
رؤلپنڈی۔ 18 مارچ (اے پی پی):راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے راولپنڈی ڈویژن کی تمام تحصیلوں میں بھرپور صفائی آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔اس حوالے سے مساجد، عیدگاہوں، پارکوں، تفریح گاہوں، بازاروں اور قبرستانوں کو“زیرو ویسٹ”بنانے کا ہدف مقرر کرتے ہوئے ورکرز دن رات اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔حالیہ بارش کے باوجود کمپنی کے صفائی ورکرز نے غیر معمولی جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے مساجد اور عیدگاہوں کی خصوصی صفائی اور واشنگ کا عمل جاری رکھا ہوا ہے تاکہ شہری عید کی نماز صاف اور پاکیزہ ماحول میں ادا کر سکیں۔
اس کے ساتھ ساتھ قبرستانوں کی صفائی بھی تیزی سے مکمل کی جا رہی ہے تاکہ لوگوں کو اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔شہر کے اہم بازاروں، تفریحی مقامات اور پارکوں کو بھی زیرو ویسٹ کرنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں، جبکہ عید پر گھروں کو جانے والے مسافروں کی سہولت کے لیے بس اڈوں کی صفائی اور دھلائی کا عمل بھی جاری ہے تاکہ مسافروں کو صاف ستھرا ماحول میسر آ سکے۔بارش کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے فوری اقدامات کرتے ہوئے نشیبی علاقوں میں اضافی نفری تعینات کر دی ہے۔
ورکرز بارش میں بھی متحرک رہتے ہوئے نالیوں اور ڈرینز کی صفائی یقینی بنا رہے ہیں تاکہ نکاسی آب کی روانی برقرار رہے اور شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔اس حوالےسے سی ای او آر ڈبلیو ایم سی رانا ساجد صفدر کا کہنا تھا کہ عیدالفطر کے موقع پر شہریوں کو بہترین صفائی سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیمیں بارش ہو یا دھوپ، ہر حالت میں فیلڈ میں موجود ہیں اور راولپنڈی ڈویژن کو زیرو ویسٹ بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہر شہری عید کی خوشیوں کو صاف اور صحت مند ماحول میں منائے۔انہوں نے کہا کہ اینٹی لٹرنگ آگاہی مہم کے تحت مساجد میں اعلانات، میگافون اور گاڑیوں کے ذریعے پیغامات، معلوماتی ڈیسکوں کا قیام، بس اڈوں پر آگاہی اعلانات اور بروشرز کی تقسیم کا سلسلہ بھی جاری ہے تاکہ شہریوں میں صفائی کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔
سی ای او نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ عید کے موقع پر صفائی کا خاص خیال رکھیں، کوڑا کرکٹ مقررہ مقامات پر ہی پھینکیں اور راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ساتھ مل کر شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی یہ کاوشیں اس عزم کی عکاسی کرتی ہیں کہ عیدالفطر جیسے خوشیوں بھرے موقع پر نہ صرف شہر کو خوبصورت بنایا جائے بلکہ شہریوں کو ایک صحت مند اور صاف ماحول بھی فراہم کیا جائے۔








