آر ڈی اے کا مالی سال 2026-27 کا 8,760 ملین روپے کا بجٹ منظور

راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے مالی سال 2026-27 کے لیے 8,760 ملین روپے کےسالانہ بجٹ کو حتمی شکل دے دی ہے

راولپنڈی۔ 17 اگست (اے پی پی):راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے مالی سال 2026-27 کے لیے 8,760 ملین روپے کےسالانہ بجٹ کو حتمی شکل دے دی ہے۔ کمشنر راولپنڈی و ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے سلمان غنی کی زیر صدارت فنانس سب کمیٹی نے بجٹ کا جائزہ لیتے ہوئے ترقیاتی اخراجات کے تخمینوں کی منظوری دی اور حتمی توثیق کے لیے حکومت پنجاب کو بھجوا دئیے۔ فنانس سب کمیٹی میں محکمہ خزانہ، محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ (P&D) اور محکمہ ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (HUD&PHE) کے نمائندگان شامل ہیں۔ اجلاس میں آر ڈی اے کے مالیاتی منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اسے صوبائی حکومت کی ترقیاتی ترجیحات اور شہری ترقی کے اہداف سے ہم آہنگ کرنے کو یقینی بنایا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ تقریباً 3,917 ملین روپے جاری اور نئی ترقیاتی سکیموں کے لیے مختص کیے گئے ہیں، جن کا مقصد راولپنڈی میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور شہری ترقی کو فروغ دینا ہے۔ اہم منصوبوں میں راولپنڈی رنگ روڈ R-3 منصوبہ شامل ہے، جس کے تحت با نٹھ (N-5) سے ٹھلیاں (M-2) تک 38.3 کلومیٹر طویل مین کیرج وے کی تعمیر شامل ہے۔

اس کے علاوہ نالہ لئی منصوبے کے تحت نالہ لئی کوریڈور (N-5) کے ساتھ ٹرنک/آؤٹ فال سیور کے فزیبلٹی سٹڈی اور تفصیلی ڈیزائن، جبکہ راولپنڈی رنگ روڈ فیز-II کے تحت ٹھلیاں (M-2) سے جی ٹی روڈ (N-5) تک فزیبلٹی سٹڈی اور تفصیلی ڈیزائن شامل ہیں۔ دیگر منصوبوں میں آر ڈی اے ہاؤسنگ سکیم کا فزیبلٹی سروے، راولپنڈی ماسٹر پلان کا مطالعہ، ٹریفک اور پلاننگ سے متعلق مسائل کی نشاندہی کے لیے فزیکل سروے سمیت مختلف ترقیاتی منصوبے اور دیگر شامل ہیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر راولپنڈی منصور احمد خان، ایڈیشنل ڈی جی آر ڈی اے مسعود احمد بخاری، ڈائریکٹر فنانس آر ڈی اے مسعود ارشد، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ افتخار علی، ڈائریکٹر لینڈ غضنفر علی اعوان، متعلقہ محکموں کے نمائندگان اور آر ڈی اے کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ مجوزہ بجٹ راولپنڈی ریجن میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری، شہری سہولیات کے فروغ اور پائیدار شہری ترقی کے لیے آر ڈی اے کے عزم کا عکاس ہے۔