پی ٹی سی ایل کا ملک کے 22 اضلاع میں خواتین کی ڈیجیٹل خواندگی کے فروغ کیلئے آئی آر ایم سے اشتراک

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (پی پی اے ایف)کے تعاون سے اپنے ’بااختیار پروگرام‘ کے تحت ملک کے 22اضلاع میں خواتین کیلئے ڈیجیٹل خواندگی کے تربیتی پروگرام کا آغاز کردیا ہے

اسلام آباد۔17اگست (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (پی پی اے ایف)کے تعاون سے اپنے ’بااختیار پروگرام‘ کے تحت ملک کے 22اضلاع میں خواتین کیلئے ڈیجیٹل خواندگی کے تربیتی پروگرام کا آغاز کردیا ہے ،یہ تربیتی پروگرام کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور استعدادِ کار میں اضافے کے شعبے میں مہارت رکھنے والے معروف ادارے، انسٹی ٹیوٹ آف رورل مینجمنٹ (آئی آر ایم) کی جانب سے نافذ کیا جائے گا۔ آئی آر ایم 2,100 خواتین کو عملی ڈیجیٹل مہارتیں اور ضروری وسائل مہیا کرے گا تاکہ وہ آج کی ڈیجیٹل معیشت میں اپنا کردار بھرپور اعتماد سے ادا کرسکیں۔ پیر کو جاری بیان کے مطابق پروگرام میں شریک خواتین کو سمارٹ فون کے استعمال، ڈیجیٹل خواندگی، آن لائن رابطے، انٹرنیٹ کے محفوظ استعمال اور دیگر ضروری ڈیجیٹل خدمات تک رسائی کے حوالے سے عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔ پی ٹی سی ایل شرکاء کو مفت سمارٹ فونز بھی فراہم کرے گا جس سے وہ تربیتی نشست سے باہر بھی سیکھنے کا عمل جاری رکھ سکیں گی اور اپنی حاصل کردہ مہارتوں کو عملی طور پر بروئے کار لاسکیں گی۔

اس حوالے سے اظہار ِ خیال کرتے ہوئے پی ٹی سی ایل کے چیف مارکیٹنگ آفیسر عماد خان نے کہا کہ بااختیار ہونے کا حقیقی پیمانہ اپنے لئے مواقع پیدا کر پانے کی صلاحیت ہے اور بااختیار پروگرام اسی یقین کی بنیاد پر تشکیل دیا گیا ہے، روزمرہ زندگی میں ڈیجیٹل مہارتوں کی اہمیت مسلسل بڑھ رہی ہے۔ بااختیار پروگرام کے ذریعے ہم پی پی اے ایف اور آئی آر ایم کے ساتھ مل کر خواتین کو ٹیکنالوجی کے بامعنی استعمال کی تربیت دے رہے ہیں جس میں معلومات اور خدمات تک رسائی، اپنے خاندانوں کی معاونت اورمعاشی مواقع کے نئے راستے تلاش کرنا شامل ہیں۔اس موقع پر آئی آر ایم کے سینئر پروگرام منیجر انور الحق نے کہا کہ آئی آر ایم، پی ٹی سی ایل اور پی پی اے ایف کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور بااختیار پروگرام میں آئی آر ایم کی شمولیت کو سراہتا ہے۔ بااختیار پروگرام پاکستان میں جامع مہارتوں کی ترقی اور خواتین کے معاشی اختیار کے فروغ کے لئے ایک مثالی نمونہ ہے، ہم خواتین کے معاشی اختیار کے لئے مزید مواقع پیدا کرنے کی غرض سے ایسے اقدامات کو جاری رکھنے اور ان کا دائرہ کار بڑھانے کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔

بااختیار پروگرام تکنیکی مہارتوں کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل صلاحیتوں کی ترقی، مالی خودمختاری کے فروغ اور پائیدار ذرائعِ معاش میں تعاون کے ذریعے خواتین کی باقاعدہ ڈیجیٹل معیشت میں شمولیت کی راہ ہموار کررہا ہے۔ پی ٹی سی ایل کی جانب سے ڈیجیٹل خواندگی کا نفاذ ڈیجیٹل شمولیت کے فروغ، خواتین کی خودمختاری، اور دیرپا سماجی اثرات پیدا کرنے کے کمپنی کے طویل مدتی عزم کا عکاس ہے ۔