خانیوال میں ریلوے گارڈز اور لوکو پائلٹس کے لیے جدید رننگ رومز کی اپ گریڈیشن مکمل

وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی جانب سے ریلوے گارڈز اور لوکو پائلٹس کے لیے ایک اور بڑے تحفے کا اعلان کر دیا گیا ہے

اسلام آباد۔17اگست (اے پی پی):وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی جانب سے ریلوے گارڈز اور لوکو پائلٹس کے لیے ایک اور بڑے تحفے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ راولپنڈی کے بعد خانیوال میں بھی گارڈز اور لوکو پائلٹس کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ ’رننگ رومز‘ کی کامیاب اپ گریڈیشن مکمل کر لی گئی ہے۔ترجمان ریلوے کے مطابق پاکستان ریلوے کی 79 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب رننگ رومز کی جدید خطوط پر اتنی جامع اپ گریڈیشن اور تزئین و آرائش کی گئی ہے۔ خانیوال میں تیار کیے گئے ان نئے رننگ رومز میں ریلوے کے فرنٹ لائن سٹاف کے لیے جدید، آرام دہ اور معیاری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

وزارت ریلوے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی خصوصی توجہ کے باعث محکمے کے فرنٹ لائن سٹاف کی سہولیات میں نمایاں بہتری لائی جا رہی ہے۔ ریلوے گارڈز اور لوکو پائلٹس کی فلاح و بہبود اور ان کے کام کرنے کے حالات کو بہتر بنانا موجودہ وزیر ریلوے کی اولین ترجیحات کا حصہ ہے۔خانیوال میں ان جدید رننگ رومز کی باضابطہ افتتاحی تقریب 22 اگست کو منعقد ہوگی۔اس شاندار پیش رفت پر وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ریلوے کے محنتی ملازمین کو بہترین ماحول، جدید سہولیات اور باوقار ورکنگ کنڈیشنز کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی تاکہ وہ پوری یکسوئی کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دے سکیں۔

مزید خبریں
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی عمران ندیم کی ملاقات، پارلیمانی امور، قانون سازی اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال اسلام آباد۔17اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پیر کو سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی عمران ندیم نے ملاقات کی جس میں پارلیمانی امور، قانون سازی اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں پارلیمانی اداروں کے استحکام اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کہا گیا ۔ ملاقات میں عوامی مسائل کے حل اور قانون ساز اداروں کی موثر کارکردگی سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمانی اداروں کے درمیان باہمی رابطوں اور تجربات کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ مضبوط پارلیمانی ادارے ہی جمہوریت کے استحکام کی ضمانت ہیں، تمام قانون ساز اداروں کے درمیان باہمی مشاورت اور تجربات کا تبادلہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپیکر کانفرنس پارلیمانی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے گلگت بلتستان اسمبلی کے نومنتخب اراکین کے لیے انسٹیٹیوٹ آف پارلیمانی سروسز میں تربیتی پروگرام کے انعقاد پر زور دیا اور انہوں نے عمران ندیم کو سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لئے سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی عمران ندیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی عمران ندیم نے پارلیمانی تعاون کے فروغ کے لیے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے کردار کو سراہا۔