پاکستان نے جنیوا میں اقوام متحدہ کی تخفیف اسلحہ کانفرنس کی صدارت سنبھال لی

پاکستان نے جنیوا میں اقوام متحدہ کی تخفیف اسلحہ کانفرنس (Conference on Disarmament) کی صدارت سنبھال لی ہے

اسلام آباد۔17اگست (اے پی پی):پاکستان نے جنیوا میں اقوام متحدہ کی تخفیف اسلحہ کانفرنس (Conference on Disarmament) کی صدارت سنبھال لی ہے،پاکستان کی جانب سے ایڈیشنل سیکرٹری برائے آرمز کنٹرول و تخفیف اسلحہ اور ترجمان دفتر خارجہ سفیر طاہر حسین اندرا بی کانفرنس کے اجلاسوں کی صدارت کر رہے ہیں۔پاکستان 2026 کے سیشن میں کانفرنس کی آخری صدارت کر رہا ہے جس کے باعث وہ رواں سال کی کارروائیوں کے اختتام کی نگرانی بھی کرے گا۔اپنی صدارت کے دوران پاکستان کانفرنس کی سالانہ رپورٹ اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی فرسٹ کمیٹی میں اس سے متعلق قرارداد پر مذاکرات کی رہنمائی کرے گا۔دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق پاکستان نے کانفرنس کے صدر کی حیثیت سے مشاورت کا عمل شروع کر دیا ہے۔ پیر کو سفیر طاہر حسین اندرا بی نے 2026ء کے سیشن کے سابق صدور کے اجلاس کی صدارت کی اور علاقائی گروپوں کے نمائندوں سے بھی مشاورت کی۔اقوام متحدہ کی تخفیفِ اسلحہ کانفرنس دنیا کا واحد کثیرالجہتی فورم ہے جہاں تخفیف اسلحہ اور اسلحہ کنٹرول سے متعلق معاہدوں پر مذاکرات کیے جاتے ہیں۔

جنیوا میں اقوام متحدہ کے دفتر میں قائم اس کانفرنس کے 65 رکن ممالک ہیں، جن میں تمام جوہری ہتھیار رکھنے والی ریاستیں بھی شامل ہیں۔ کانفرنس کے ایجنڈے میں جوہری ہتھیاروں کی دوڑ کا خاتمہ، جوہری جنگ کی روک تھام اور بیرونی خلا کو ہتھیاروں کی دوڑ سے محفوظ رکھنے سمیت متعدد اہم امور شامل ہیں۔کانفرنس اور اس سے قبل کام کرنے والے اداروں نے بین الاقوامی سلامتی کے ڈھانچے سے متعلق کئی اہم معاہدوں پر مذاکرات کیے جن میں حیاتیاتی ہتھیاروں کا کنونشن، کیمیائی ہتھیاروں کا کنونشن اور جامع جوہری تجربات پر پابندی کے معاہدہ (سی ٹی بی ٹی) شامل ہیں۔موجودہ اہم عالمی حالات میں پاکستان کی جانب سے تخفیف اسلحہ کانفرنس کی صدارت سنبھالنا عالمی برادری کے پاکستان کی سفارتی قیادت پر اعتماد اور کثیرالجہتی سطح پر اسلحہ کنٹرول و تخفیف اسلحہ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کی عکاسی کرتا ہے۔دفتر خارجہ کے مطابق کانفرنس کی صدارت پاکستان کو عالمی سطح پر اسلحہ کنٹرول، تخفیف اسلحہ، بین الاقوامی امن اور سلامتی سے متعلق اہم سفارتی مباحث کے مرکز میں لے آتی ہے۔