ایف بی آر افسران کی خدمات کے اعتراف میں تقریب،چیئرمین ایف بی آر کی قومی سول اعزازات کیلئے نامزد تمام افسران کو مبارکباد

:فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے افسران کی شاندار خدمات کے پیش نظر ان کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے ایف بی آر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں پیر کوتقریب منعقد ہوئی

اسلام آباد۔17اگست (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے افسران کی شاندار خدمات کے پیش نظر ان کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے ایف بی آر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں پیر کوتقریب منعقد ہوئی ۔ یہ تقریب ان افسران کے اعزاز میں منعقد ہوئی جنہیں حکومت پاکستان کی طرف سے پبلک سروس اور ادب کے شعبہ میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں قومی سول اعزازات کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے تمام نامزد افسران کو مبارکباد دی اور پبلک سروس کے لئے ان کے غیر متزلزل عزم، لگن اور قابلِ قدر خدمات کو سراہا۔ انہوں نے ان افسران کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور ایف بی آر کے ادارہ جاتی اہداف کے حصول کے لئے ان کی مسلسل کوششوں کو بھی سراہا۔چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ حکومت ایف بی آر کی کارکردگی اور اصلاحات پر بھرپور توجہ دے رہی ہے جبکہ دیانتداری اور لگن کے ساتھ ذمہ داریاں ادا کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ اعزازات محض انفرادی کامیابیوں کا اعتراف نہیں بلکہ ایف بی آر کے تمام افسران اور ملازمین کی اجتماعی کوششوں کی بھی عکاسی کرتے ہیں جو ادارے اور ملک کی بہتری کے لئے مسلسل کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایف بی آر میں اصلاحات کا عمل جاری ہے اور اس کے لئے تمام افسران کی مستقل کمٹمنٹ ، انتھک محنت اور احساسِ ذمہ داری ناگزیر ہے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ ایف بی آر میں ہونے والی اصلاحات کی رفتار برقرار رکھیں اور وسیع تر قومی مفاد میں اپنی ذمہ داریاں پوری لگن کے ساتھ ادا کرتے رہیں۔پبلک سروس کے شعبے میں خدمات کے اعتراف میں قومی اعزازات کے لئے نامزد افسران میں چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال ،ہلالِ امتیاز، ممبر سٹریٹجک ٹرانسفارمیشن ڈاکٹر حامد عتیق سرور ستارۂ امتیاز، ممبر ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر محمد اقبال ستارۂ امتیاز، محمد تقی قریشی ستارۂ امتیاز، ممبر کسٹمز آپریشنز سید شکیل شاہ ستارۂ امتیاز، ممبر آئی آر آپریشنز زبیر بلال تمغہ امتیاز، منیر احمد چوہدری تمغۂ امتیاز، اعجاز حسین تمغۂ امتیاز، شیخ زاہد مسعود تمغۂ امتیاز اور اظہر حسین مرچنٹ تمغہ امتیاز شامل ہیں۔علاوہ ازیں محمد مطیع الرحمٰن المعروف رحمان فارس کو ادب کے شعبے میں صدارتی ایوارڈ برائے حسنِ کارکردگی کے لئے نامزد ہوئے ہیں۔اس تقریب کا انعقاد افسران کی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اعلیٰ معیار، ادارہ جاتی اصلاحات اور مخلصانہ پبلک سروس کے لئے ایف بی آر کے عزم کی تجدید بھی کرتا ہے۔